فلم بلھیا کا نام تبدیل ، قابل اعتراض ڈائیلاگ حذف کرنیکی سفارش

 فلم بلھیا کا نام تبدیل ، قابل اعتراض ڈائیلاگ حذف کرنیکی سفارش

ہاؤسنگ سکیموں میں صحافی کوٹہ بڑھانے ،لون ، ہاؤسنگ فنانس میں ترجیح دینے کی تجویز سینیٹ کمیٹی اطلاعات کا سفارشات پر عملدرآمد کی نگرانی کیلئے ذیلی کمیٹی قائم کرنیکافیصلہ

اسلام آباد (نامہ نگار )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے مستقبل کی تمام وفاقی ہاؤسنگ سکیموں میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لئے مختص پلاٹوں اور فلیٹس کے کوٹے میں اضافے کی سفارش کرتے ہوئے صحافیوں کے لئے خصوصی ہاؤسنگ لون سکیم یا سرکاری ہاؤسنگ فنانس سہولتوں میں ترجیح دینے کی تجویز بھی پیش کر دی۔ کمیٹی نے فلم \"بلھیا\" میں حضرت بابا بلھے شاہؒ کے پیغام کی مبینہ غلط تشریح پر بھی سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پروڈیوسرز کو فلم کا نام تبدیل کرنے اور قابل اعتراض مکالمے حذف کرنے کی سفارش کی جبکہ سنسر بورڈ میں شفاف اور میرٹ پر مبنی تقرریوں پر بھی زور دیا۔ کمیٹی کا اجلاس قائم مقام چیئرمین سینیٹر سرمد علی کی زیرصدارت پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں ہوا۔

اجلاس میں وفاقی سرکاری ملازمین ہاؤسنگ اتھارٹی نے بتایا کہ میڈیا ورکرز کے کوٹے کے تحت الاٹمنٹ مکمل ہو چکی ہے ، تاہم صحافیوں کے کوٹے سے متعلق معاملات ابھی زیرالتوا ہیں۔ اس پر کمیٹی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سفارشات پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے ذیلی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ، وزارت اطلاعات کو ہدایت کی گئی کہ صحافیوں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی کا ایک ہفتے میں نوٹیفکیشن جاری کیا جائے اور ایک ماہ میں موجودہ پالیسی کا جائزہ لے کر قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں۔ پی آئی ڈی کو علاقائی اخبارات کے لئے مختص 25 فیصد سرکاری اشتہاری کوٹے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی۔اجلاس میں این سی سی آئی اے کی جانب سے سوشل میڈیا سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی ، کمیٹی نے نیشنل (این سی سی آئی اے ) کو کسی بھی اخبار، اس کے ڈیجیٹل ایڈیشن، ویب سائٹ یا ٹی وی چینل کی شائع شدہ خبر پر کارروائی سے روک دیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...