پراسیکیوٹر جنرل کی تعیناتی اسلام آباد بار سے ہو گی : اعظم نذیر تارڑ
وفاقی دارالحکومت کے حوالے سے چراغ تلے اندھیرا نہیں ہونے دیا جائے گا وزارتِ قانون نے اپنی جگہ وکلاء چیمبرز کیلئے دینے کا فیصلہ کیا ہے :تقریب سے خطاب
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ،دنیا نیوز )وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اگر ذمہ داریاں دیانتداری سے نبھائی جائیں تو دنیا اچھے کاموں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے ، پراسیکیوٹر جنرل اسلام آباد کی تعیناتی اسلام آباد بار سے کی جائے گی۔جوڈیشل کمپلیکس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا وزارت سنبھالتے ہی انہوں نے عہد کیا تھا کہ اسلام آباد کو اولین ترجیح دی جائے گی اور وفاقی دارالحکومت کے حوالے سے چراغ تلے اندھیرا نہیں ہونے دیا جائے گا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا 2022 میں حکومت سنبھالنے کے بعد نگراں حکومت کا دوربھی آیا، تاہم ترقیاتی منصوبے نہیں رکے ، اسلام آباد میں جتنے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے ، اتنے کہیں اور نہیں ہوئے ، وفاقی دارالحکومت کو ایک مثالی ماڈل سٹی کے طور پر سامنے آنا چاہیے ۔وفاقی وزیر قانون نے کہا اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس کا منصوبہ مکمل کیا گیا، اگرچہ اس میں چند مسائل تھے جنہیں حل کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ کورٹس کے ساتھ وکلاء کے چیمبرزکیلئے جگہ مختص کی گئی ہے جبکہ وزارتِ قانون نے بھی اپنی جگہ وکلاء چیمبرز کیلئے دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس موقع پر ججز صاحبان کے علاوہ بارکونسل کے ممبر راجہ علیم عباسی، ڈسٹرکٹ بار کے صدر نعیم گجر، ہائیکورٹ بار کے سابق سیکرٹری جنرل شفقت عباس تارڑ اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments