آزاد کشمیر الیکشن کا پہلا مرحلہ ،میرپور میں کل پولنگ

آزاد کشمیر الیکشن کا پہلا مرحلہ ،میرپور میں کل پولنگ

14 لاکھ 437رجسٹرڈووٹرز ، 1241پولنگ سٹیشن انتہائی حساس قرار 18560سکیورٹی اہلکار تعینات ، پورے ڈویژن میں عام تعطیل ہوگی

مظفر آباد(بیورو رپورٹ ، آئی این پی ) آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں کل 27جولائی کو میرپور ڈویژن کے 13حلقوں میں پولنگ ہوگی،حکومت نے الیکشن کمیشن کی سفارش پر میرپور ڈویژن میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا، اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ،الیکشن کمیشن نے پولنگ کے روز ووٹروں کو سہولت فراہم کرنے اور انتخابی عمل کے پرامن و منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کو عام تعطیل کی سفارش کی تھی ،عام تعطیل صرف میرپور ڈویژن میں ہوگی ، دیگر ڈویژنز میں معمول کے مطابق سرکاری امور جاری رہیں گے ، اس حوالے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کی زیر صدارت میرپور میں عام انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عام انتخابات کے انعقاد کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، پولنگ سٹیشنز، ووٹرز اور انتخابی عملے کی سکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ چیف الیکشن کمشنر نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ، انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں پر عوام کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لئے تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ، سکیورٹی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ، انتخابی عمل سے متعلق افواہوں کا بروقت اور مؤثر جواب دیا جائے ۔چیف الیکشن کمشنر نے مرحلہ وار انتخابات پر اٹھنے والے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ ایک ڈویژن کے نتائج دوسرے ڈویژن کے ووٹر ز کے فیصلوں پر اثرانداز ہوں گے ۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز نے بتایا کہ میرپور ڈویژن کے تینوں اضلاع میں انتخابی انتظامات مکمل ہیں ، انہوں نے بتایا کہ ڈویژن میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 437 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، جن میں 7 لاکھ 24 ہزار 811 مرداور 6 لاکھ 75 ہزار 626 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ ڈویژن میں 2316 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، جن میں 1241 انتہائی حساس، 724 حساس اور 351 نارمل قرار د ئیے گئے ، 13 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 288 امیدوار مدِمقابل ہیں، نگرانی کے لئے 13 زونز اور 205 سیکٹرز قائم کئے گئے ، اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی آئی جی پولیس کامران علی نے بتایا کہ پرامن انتخابات کے انعقاد کے لئے میرپور ڈویژن میں پولیس، سول آرمڈ فورسز اور پاک فوج سمیت مجموعی طور پر 18 ہزار 560 اہلکار تعینات کیے جائیں گے ، جس کے تحت پولیس فرسٹ ٹئیر، سول آرمڈ فورسز سیکنڈ ٹئیر جبکہ پاک فوج تھرڈ ٹئیر کے طور پر فرائض انجام دے گی۔ اس مقصد کے لیے پاک فوج کے 2100 جوان بھی انتخابی ڈیوٹی پر تعینات کیے جائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...