موثر انتظامی نظام عدالتی کارکردگی کیلئے ناگزیر : چیف جسٹس
مضبوط نظامِ انصاف کی بنیاد قوانین اور ادارے ہی نہیں ججز کی فلاح و بہبود بھی ہے
اسلام آباد (اے پی پی)چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ عالمی یومِ عدالتی فلاح و بہبود ہمیں یاد دلاتا ہے کہ مضبوط نظامِ انصاف کی بنیاد صرف قوانین اور ادارے نہیں بلکہ ججز کی فلاح و بہبود بھی ہے ، عدالتی فلاح و بہبود انفرادی مسئلہ نہیں بلکہ عدالتی آزادی، ادارہ جاتی دیانت داری اور قانون کی حکمرانی پر عوامی اعتماد کی بنیاد ہے ، پیشہ ورانہ ترقی، جدید عدالتی ماحول اور موثر انتظامی نظام عدالتی کارکردگی کے لیے ناگزیر ہیں، ججز کو مضبوط بنانا درحقیقت نظامِ انصاف کو مضبوط بنانا ہے ۔
سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ سے عالمی یومِ عدالتی فلاح و بہبود کے موقع پر جاری پیغام میں چیف جسٹس یحیی آفریدی نے کہا کہ ججز انتہائی مشکل حالات میں اہم ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں،آزاد، غیر جانبدار اور معیاری انصاف کی فراہمی کے لیے ججز کو مضبوط ادارہ جاتی معاونت درکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عدلیہ اپنے اصلاحاتی ایجنڈے میں عدالتی فلاح و بہبود کو بنیادی اہمیت دے رہی ہے ،ڈیجیٹل تبدیلی، بہتر عدالتی انفراسٹرکچر، ادارہ جاتی معاونت اور عدالتی تعلیم اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عالمی یومِ عدالتی فلاح و بہبود انصاف کے انسانی پہلو اور اعلیٰ عدالتی معیار سے وابستگی کی تجدید کا دن ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments