بلوچستان : انسداد دہشتگردی فورس، پولیس کی استعداد کار بڑھانے کا فیصلہ

بلوچستان : انسداد دہشتگردی فورس، پولیس کی استعداد کار بڑھانے کا فیصلہ

صوبے میں پائیدار امن کیلئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی:محسن نقوی

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر،آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی ، بعدازاں بلوچستان میں امن و امان سے متعلق منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس کے دوران بلوچستان میں انسداد دہشت گردی فورس اور  پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلی ٰ نے صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، جاری اقدامات اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ وزارت داخلہ نے درکار وسائل کی فراہمی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کیلئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، بحالی امن کے ماسٹر پلان پر فوری اور مؤثر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے امن و امان کی حکمت عملی میں بلوچستان پولیس کے سابق سربراہان کے تجربات اور مشاورت سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی، بہتر انٹیلی جنس اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے ، وفاق اور بلوچستان حکومت امن کے قیام کے لیے مکمل یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر محاذ پر ایک قدم آگے رہیں گے اور کسی دبا ؤمیں نہیں آئیں گے ، ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی اور دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں چھوڑی جائے گی۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، میرٹ کے فروغ کے ذریعے نوجوانوں کا اعتماد بحال کیا جا رہا ہے ۔ وفاق کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں پر مزید تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...