پاکستان پوسٹ کو منافع بخش بنانے کیلئے 14نکاتی اصلاحاتی پلان
3سالہ بزنس پلان، ای کامرس توسیع، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، فیٹف سیل فعال ہوگا رائٹ سائزنگ، آڈٹ پیراز خاتمہ، عدالتی کیسز اور محکمانہ تحقیقات جلد نمٹانے کی ہدایت
اسلام آباد (ایس ایم زمان)وزارت مواصلات نے پاکستان پوسٹ آفس کی ری سٹرکچرنگ، خسارے کے خاتمے ، ادارے کو منافع بخش بنانے اور تجارتی و مالیاتی بحالی کے لیے 14نکاتی اصلاحاتی پلان جاری کر دیا۔اصلاحاتی منصوبے کے تحت پاکستان پوسٹ کو کمرشل ٹرانزیشن اور اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائز قوانین کے مطابق چلانے ، تین سالہ سٹریٹجک بزنس پلان پر عمل، بین الاقوامی مالیاتی تقاضے پورے کرنے ، ایف اے ٹی ایف سیل فعال بنانے ، عالمی ادارے وائے ٹی او کے ساتھ جوائنٹ وینچر، ای کامرس کے فروغ اور بین الاقوامی لاجسٹکس کی توسیع کی ہدایت کی گئی ہے ۔منصوبے میں بزنس سٹریٹجی، ایڈوائزری سروسز، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، کسٹمز کے ساتھ ڈیجیٹل انٹیگریشن، پارسل اور ترسیلاتی نظام کی بہتری، ایچ آر ایم ڈیٹا بینک، کارکردگی جانچنے کے اشاریے ، رائٹ سائزنگ اور ہیومن ریسورس ریشنلائزیشن بھی شامل ہیں۔وزارت مواصلات نے مالیاتی شفافیت کے لیے آڈٹ پیراز نمٹانے ، زیر التوا محکمانہ تحقیقات جلد مکمل کرنے ، وزارت قانون کا ڈیش بورڈ اپ ڈیٹ رکھنے ، عدالتی مقدمات کی مؤثر پیروی اور جلد نمٹانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔وزارت نے پاکستان پوسٹ کو 14 نکاتی اصلاحاتی منصوبے پر عمل درآمد کرتے ہوئے مرحلہ وار پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments