خرم آغا کی جگہ احمد رضا سرور کو سیکرٹری داخلہ بنانیکی منظوری
وفاقی حکومت نے خرم آغا کو تبدیل کرنے کا حکم دیدیا ، جلدنوٹیفکیشن کا امکان پنجاب کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری احمد رضا کو انتظامی امور کا وسیع تجربہ حاصل
لاہور(اپنے نامہ نگارسے ،دنیا نیوز)وفاقی حکومت نے وزارت داخلہ میں اہم انتظامی تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا کو تبدیل کرنے کا حکم دے دیا ۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری احمد رضا سرور کو نیا وفاقی سیکرٹری داخلہ تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے ۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پنجاب حکومت سے رابطہ کیا گیا اور احمد رضا سرور کی خدمات واپس وفاق میں مانگیں جس پر پنجاب حکومت نے خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی اجازت دی۔
ذرائع کا کہنا تھا یہ تبدیلی وفاقی بیوروکریسی میں اعلیٰ سطح کے تبادلوں کا حصہ ہے جبکہ احمد رضا سرور کو انتظامی امور کا وسیع تجربہ حاصل ہے ، ان کی تعیناتی سے وزارت داخلہ کے انتظامی معاملات میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے ۔واضح رہے خرم آغا بطور وفاقی سیکرٹری داخلہ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے تاہم حکومت نے انتظامی ضروریات کے پیش نظر انہیں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دوسری جانب خرم آغا کی آئندہ تعیناتی کے بارے میں بھی مشاورت جاری ہے تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی باضابطہ احکامات سامنے نہیں آئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments