کئی شہروں میں بارش، مزید 4 افراد جاں بحق، سیلاب متاثرین کی نقل مکانی
متعدد علاقوں میں بجلی معطل،فیروزوالہ اور جلالپوپیروالا میں سیلابی صورتحال برقرار، شہری محصور،امدادی سرگرمیاں جاری بارشوں کا نیا سسٹم 5 اگست تک رہے گا، دریاؤں کے بہاؤ میں اضافے ، اربن فلڈنگ و لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ : پی ڈی ایم اے
اسلام آباد،لاہور،کراچی،فیروزوالہ(نامہ نگاران ، نیوزایجنسیاں )ملک کے مختلف شہروں میں مون سون کے نئے سپیل نے انٹری دیدی۔ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر مقامات پر بارش سے موسم خوشگوار ہوگیااورگرمی کی شدت میں کمی آئی ،نشیبی علاقے زیر آب آگئے ،شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا ، کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی،مختلف واقعات میں دوبچوں سمیت چار افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے ۔ بارشوں کا نیا سسٹم 5 اگست تک ملک میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش برسائے گا، گزشتہ روز لاہور میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جار ی رہا ، لکشمی چوک میں 15.2 ، اپر مال 0.8، مغلپورہ 7.8، تاجپورہ 4.4، چوک ناخدا 13.2 ، پانی والا تالاب میں 19.6 ، فرخ آباد 1، سگیاں 0.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ وزیرآباد، پھالیہ، مریدکے ، خانپور اور ہری پور اور دیگر شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، کالی گھٹاؤ ں کا راج ہونے سے گرمی کی شدت میں بھی کمی آئی۔
گوجرانوالہ میں طوفانی بار ش سے نشیبی علاقے اور گلی محلے زیر آب آگئے جبکہ شہر کے انڈر پاسز پانی سے بھر گئے ۔سول ہسپتال روڈ، سیالکوٹ روڈ، کمشنر روڈ، ڈی سی روڈ، پسرور روڈ، گل روڈ پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ جناح روڈ راجہ کالونی گلی نمبر 1 میں 24 سالہ عبداللہ کوبارش کے دوران اپنے گھر کے مین گیٹ سے کرنٹ لگااور وہ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں دم توڑگیا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق شہر میں اوسطاً 140 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ، سیالکوٹ میں دو گھنٹے کی بارش نے شہر کے مختلف علاقوں کو ڈبو دیا، دارا ارائیاں اور ارد گرد کے علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ پانی لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا، علاوہ ازیں ملتان کی تحصیل جلالپوپیروالا میں دریائے چناب کا سیلابی پانی 2 درجن سے زائد بستیوں میں داخل ہوگیا جس کے باعث لوگ نقل مکانی پرمجبور ہوگئے ،سینکڑوں ایکڑ اراضی پرکھڑی فصلیں زیرآب آگئیں جبکہ سیلابی پانی میں ڈوب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
سرگودھا کے قصبہ بھیرہ کے علاقہ بھوجی کوٹ دھوری روڈ رکھ چراگاہ میں بارش کے باعث ڈیری فارم پرچھت گرنے سے ملبہ تلے دب کر مزدور فیملی کے دو بھائی پانچ ماہ کا محمد ایان اور پانچ سالہ محمد حسیب سکنہ شجاع آباد جاں بحق اور ان کی ماں ا ور 8 سالہ بچی سمیت چار افراد 22 سالہ کرن رحمان،35 سالہ یوسف، 8 سالہ ثمینہ یوسف اور 10 سالہ محمودعمران شدید زخمی ہو گئے جبکہ شیخوپورہ میں آبی ریلے سے ریلوے ٹریک متاثر ہوا۔فیروزوالہ سے خبر نگار کے مطابق نالہ بھیڑ میں پڑنے والے شگاف کے باعث فیروزوالہ اور گردونواح میں سیلابی صورتحال بدستور برقرار ہے ۔ پٹھان کالونی، خرم ٹاؤن، شہباز ٹاؤن اور رانا ٹاؤن سمیت متعدد آبادیاں زیرِ آب آ گئی ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں شہری اپنے گھروں میں محصور ہیں اور زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو چکا ہے۔
رانا ٹاؤن میں بعض مقامات پر چھ سے سات فٹ تک پانی کھڑا ہے ، جس کے باعث آمدورفت کا واحد ذریعہ کشتیاں رہ گئی ہیں ، پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب بھر میں 5اگست تک بارش اور بڑے دریاؤں میں پانی کے بہا ؤمیں نمایاں اضافے کا امکان ہے ۔ لاہور، راولپنڈی،گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ جبکہ مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے ۔ پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے ، دریائے سندھ میں کالا باغ اور تونسہ پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے ۔دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی پر بھی سیلاب دم توڑ گیا اور بہاؤ معمول پر آگیا۔ دریائے سندھ میں سکھر بیراج پر پانی کی آمد میں اضافہ ہوا ہے اور بہا ؤ بڑھ کر 2 لاکھ 78 ہزار کیوسک ہوگیا جس سے نچلے درجے کا سیلاب آگیا۔ کالا باغ ، تونسہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب بر قرار ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments