تقرروتبادلے ،افتخار ساہو ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعینات

 تقرروتبادلے ،افتخار ساہو ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعینات

عمر مسعودسیکرٹری زراعت اور زید بن مقصود سیکرٹری صنعت و تجارت مقرر احمد رضا نئے وفاقی سیکرٹری داخلہ تعینات، محمد افضل کی خدمات پنجاب کے سپرد

لاہور(اپنے نامہ نگارسے )پنجاب حکومت نے متعدد افسروں کے تقرروتبادلے کے احکامات جاری کردئیے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سیکرٹری زراعت فلائٹ لیفٹیننٹ (ر)افتخار ساہو کوایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کر دیا گیا ۔ وہ اس عہدے پر خالی نشست کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ۔ انکی جگہ سیکرٹری صنعت، تجارت و سرمایہ کاری عمر مسعودکو سیکرٹری زراعت مقرر کردیا گیا ہے ۔ سیکرٹری سروسز، ایس اینڈ جی اے ڈی زید بن مقصود کو سیکرٹری صنعت، تجارت و سرمایہ کاری ،سیکرٹری آرکائیوز اینڈ لائبریریز ونگ جہانزیب کو سیکرٹری سروسز، ایس اینڈ جی اے ڈی تعینات کیا گیا ہے ۔ جہانزیب کو موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ سیکرٹری آئی اینڈ سی کا اضافی چارج بھی سونپ دیا گیا ۔

مزید برآں سیکرٹری آئی اینڈ سی ایس اینڈ جی اے ڈی مسعود نعمان کی درخواست پر ان کا تبادلہ کرتے ہوئے سیکرٹری آرکائیوز اینڈ لائبریریز ونگ، ایس اینڈ جی اے ڈی تعینات کر دیا گیا ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے عہدے پر افتخار ساہو کی تعیناتی کو پنجاب حکومت کی اعلیٰ سطح پر اہم انتظامی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے ۔ وہ تجربہ کار، دیانت دار اور انتظامی امور پر مضبوط گرفت رکھنے والے افسر کے طور پر جانے جاتے ہیں ۔ادھر وفاقی حکومت نے سیکرٹری داخلہ سمیت متعدد افسران کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دئیے ۔سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر)محمد خرم آغا کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔احمد رضا سرور کو وفاقی سیکرٹری وزارتِ داخلہ تعینات کر دیا گیا ہے ۔ وہ اس سے قبل حکومت پنجاب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے ۔

ڈیپوٹیشن پر تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 19 کے جمیل احمد جمیل کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے ڈسپوزل پر موجود گریڈ 18 کے آڈٹ آفیسر محمد افضل کی خدمات حکومت پنجاب کے سپرد کر دی گئی جہاں انہیں سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال، سیالکوٹ میں سینئر بجٹ اینڈ اکاؤنٹس آفیسر (بی ایس 18) تعینات کیا گیا ہے ۔دریں اثنا، حکومت بلوچستان کے محکمہ صحت سے تعلق رکھنے والی گریڈ 17 کی ڈینٹل سرجن ڈاکٹر مدیحہ غوری کی فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک اسلام آباد میں بطور میڈیکل آفیسر (بی ایس 17) ڈیپوٹیشن میں مزید دو سال کی توسیع کر دی گئی جس کا اطلاق 25 جولائی 2025 سے ہوگا۔ وفاقی حکومت نے دفاع ڈویژن کے گریڈ 18 کے سیکشن آفیسر محمد عمر دراز کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی تعینات کرتے ہوئے یکم اگست 2026 سے ایک سال کی سٹڈی لیو بھی منظور کر لی ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام احکامات کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دئیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...