کیپٹن (ر)خرم آغا تبدیل، احمد رضا سرور نئے سیکرٹری داخلہ تعینات
گریڈ19کے جمیل احمد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تعینات، محمد افضل کی خدمات پنجاب کے سپرد ڈاکٹر مدیحہ غوری کی پولی کلینک ڈیپوٹیشن میں توسیع، محمد عمر دراز او ایس ڈی، سٹڈی لیو منظور
اسلام آباد (نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) وفا قی حکومت نے سیکرٹری داخلہ سمیت متعدد افسران کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دئیے ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری الگ الگ نوٹیفکیشنز کے مطابق سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) محمد خرم آغا کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ایک دوسرے نوٹیفکیشن کے مطابق احمد رضا سرور کو سیکرٹری وزارتِ داخلہ تعینات کر دیا گیا ہے ۔ وہ اس سے قبل حکومت پنجاب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق دونوں تقرر و تبادلوں کے احکامات فوری طور پر نافذالعمل ہوں گے ۔ دیگر نوٹیفکیشنز کے مطابق ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈویژن کے ماتحت فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی میں ڈیپوٹیشن پر تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 19 کے جمیل احمد جمیل کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے ڈسپوزل پر موجود گریڈ 18 کے آڈٹ آفیسر محمد افضل کی خدمات حکومت پنجاب کے سپرد کر دی گئی جہاں انہیں سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال، سیالکوٹ میں سینئر بجٹ اینڈ اکاؤنٹس آفیسر (بی ایس 18) تعینات کیا گیا ہے۔
ان کی ڈیپوٹیشن تین سال یا مستقل تقرری تک مؤثر رہے گی۔دریں اثنا، حکومت بلوچستان کے محکمہ صحت سے تعلق رکھنے والی گریڈ 17 کی ڈینٹل سرجن ڈاکٹر مدیحہ غوری کی فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک اسلام آباد میں بطور میڈیکل آفیسر (بی ایس 17) ڈیپوٹیشن میں مزید دو سال کی توسیع کر دی گئی جس کا اطلاق 25 جولائی 2025 سے ہوگا۔ وفاقی حکومت نے دفاع ڈویژن کے گریڈ 18 کے سیکشن آفیسر محمد عمر دراز کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی تعینات کرتے ہوئے یکم اگست 2026 سے ایک سال کی سٹڈی لیو بھی منظور کر لی ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام احکامات کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دئیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments