وفاقی بورڈ میٹرک نتائج کا اعلان ، ٹاپ 10 میں سے 7 پوزیشنیں طالبات لے گئیں

وفاقی بورڈ میٹرک نتائج کا اعلان ، ٹاپ 10 میں سے 7 پوزیشنیں طالبات لے گئیں

افیرا اعجاز 1089 نمبروں کیساتھ پہلی، آمنہ نعمان دوسری، حذیفہ حیدر کی تیسری پوزیشن وفاقی سرکاری تعلیمی ادارے کوئی پوزیشن نہ لے سکے، 2لاکھ92ہزار 831طلبہ نے امتحان دیا

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر ) وفاقی تعلیمی بورڈ نے سال 2026 کے نہم و دہم کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ ٹاپ 10 میں سے 7 پوزیشنیں طالبات نے حاصل کیں جبکہ وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کا کوئی طالب علم پوزیشن حاصل نہ کر سکا۔  سائنس گروپ میں افیرا اعجاز نے 1089 نمبر لے کر پہلی، آمنہ نعمان نے 1088 نمبر کے ساتھ دوسری اور حذیفہ حیدر نے 1086 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔نتائج کے اعلان کی تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے ۔

چیئرمین فیڈرل بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک نے بتایا کہ رواں سال 2 لاکھ 92 ہزار 831 طلبہ و طالبات امتحانات میں شریک ہوئے۔ نقل کے 86 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ امتحانات کے لیے 1006 مراکز قائم کیے گئے ۔ امتحانی عمل کی نگرانی کے لیے 2012 سپروائزری سٹاف اور 6996 انویجیلیٹرز تعینات کیے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ امتحانی پرچوں کی جانچ کے لیے 4855 اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئیں جبکہ 10706 اساتذہ نے بطور ممتحن درخواستیں دی تھیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی دنیا میں جو خود کو نہیں بدلتا وہ ترقی نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ چالیس برسوں میں دنیا مزید بدل چکی ہوگی، اس لیے علم جو مومن کی میراث ہے ، اسے اپنی روایات سے ہم آہنگ کرتے ہوئے آگے بڑھانا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...