چاندی سمگلنگ کیس،تین ملزموں کی درخواست ضمانت منظور

چاندی سمگلنگ کیس،تین ملزموں  کی درخواست ضمانت منظور

کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے سکھر سے حیدرآباد 104 کلو غیر ملکی ساخت کی چاندی کی اینٹیں سمگل کرنے کے مقدمے میں گرفتار 3ملزموں کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے ملزموں ندیم میمن، محمد نوید اور محمد نعمان کو پانچ، پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ جسٹس عدنان اقبال چودھری نے ملزموں کی درخواست ضمانت پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ تحریری حکم نامے کے مطابق پراسیکیوشن کا مؤقف تھا کہ کسٹمز حکام نے مارچ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزموں کو گرفتار کیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے غیر ملکی ساخت کی 104 کلو چاندی کی اینٹیں برآمد کی گئیں۔ پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم چاندی کی قانونی درآمد سے متعلق دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہے تھے ۔ استغاثہ کا کہنا تھا کہ ملزم مبینہ طور پر ملک میں چاندی اسمگل کرنے کے بعد اسے سکھر کے صرافہ بازار لے جاتے تھے ، جہاں سے چاندی تھوڑی تھوڑی مقدار میں ملک کے مختلف خریداروں کو فروخت کی جاتی تھی۔ عدالت نے قرار دیا کہ چاندی کی اینٹیں کسی سرحدی علاقے سے نہیں بلکہ قومی شاہراہ سے قبضے میں لی گئی ہیں۔ عدالت کے مطابق امپورٹ پالیسی آرڈر ملک میں چاندی کی درآمد پر مکمل پابندی عائد نہیں کرتا بلکہ شرائط اور پابندیوں کے ساتھ چاندی درآمد کرنے کی اجازت ہے ۔عدالت نے قرار دیا کہ مقدمے کے اس مرحلے پر مزید تفتیش اور شواہد کا جائزہ ضروری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...