غزہ:اسرائیلی بمباری ، مسجد منہدم، پاکستان و مصر کی مذمت
مسجد میں اسلحہ گودام تھا:اسرائیل ،جھوٹے بہانوں کی آڑ میں نشانہ بنایا :غزہ حکام اسحاق ڈار اور مصری وزیرخارجہ کے درمیان رابطہ،غزہ صورتحال پراظہارتشویش
غزہ ،جکارتہ،اسلام آباد (اے ایف پی،دنیا نیوز)غزہ میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں المتقین مسجد مکمل طور پر منہدم ہو گئی ، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس مسجد کو اسلحہ ذخیرہ کرنے کی جگہ کے طور پر استعمال کر رہی تھی۔فرانسیسی میڈیا کے مطابق حملے کے دوران بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کے اوپر آگ بھڑک اٹھی،اے ایف پی کی ویڈیو میں درجنوں فلسطینی مسجد پر حملے سے قبل علاقے سے انخلا کرتے ہوئے دکھائی دئیے ۔غزہ کی وزارت اوقاف و مذہبی امور کے ڈائریکٹر جنرل امیر ابو العمرین نے کہا کہ اسرائیلی فضائی حملے میں مسجد کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
انہوں نے کہااسرائیل فوجی تنصیبات کی موجودگی جیسے جھوٹے بہانے بنا کر ان جرائم کو جائز قرار دینے کی کوشش کرتا ہے۔پاکستان اور مصر نے غزہ میں مسجد پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور متاثرہ علاقوں میں بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔ اسحاق ڈار اور بدر عبدالعاطی نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے تحمل، مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور مصر علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے مشترکہ سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے ۔ مئی میں غزہ فلوٹیلا کے گرفتار کیے گئے 9 انڈونیشی کارکنوں نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا۔ کارکنوں نے انڈونیشیا کے اٹارنی جنرل سے اسرائیل کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments