مراد علی شاہ کی امریکی کاروباری شخصیات کو سرمایہ کاری کی دعوت، ڈیسک قائم
وزیراعلیٰ سندھ سے وفد کی ملاقات،حکومتی تعاون، ریگولیٹری سہولت اور پالیسیوں کے تسلسل کی یقین دہانی امریکی سرمایہ کاروں کی توانائی، اے آئی، انفرااسٹرکچر، صحت، فِن ٹیک،صنعتی زونز اور نجی شراکتداری میں دلچسپی
کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے امریکی سرمایہ کاروں کو سندھ کی معاشی ترقی کے سفر میں طویل المدتی شراکت دار بننے کی دعوت دیتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ سندھ میں شفاف، قابلِ اعتماد اور سرمایہ کار دوست کاروباری ماحول موجود ہے، جسے حکومت کی مکمل معاونت، پالیسیوں کے تسلسل اور بین الاقوامی معیار کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) فریم ورک کی پشت پناہی حاصل ہے ۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں امریکہ کے ممتاز کاروباری وفد سے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے صوبے کے اسٹرٹیجک محل وقوع، مضبوط صنعتی بنیاد، وافر قدرتی وسائل اور توانائی، ٹیکنالوجی، انفرااسٹرکچر، صحت، سیاحت، زراعت اور لاجسٹکس سمیت مختلف شعبوں میں موجود وسیع سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا۔
اجلاس میں امریکہ میں مقیم ممتاز کاروباری رہنماؤں، سرمایہ کاروں، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی)کے نمائندوں، صوبائی وزرا، اعلیٰ سرکاری حکام اور محکمہ سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ قاسم نوید قمر نے پریزنٹیشن دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرمایہ کاری میں غیر ضروری رکاوٹوں کو مسلسل ختم کیا جا رہا ہے ، سندھ قابل تجدید توانائی، جدید ٹیکنالوجی اور ایڈوانس مینوفیکچرنگ میں بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے تھر کے وسیع کوئلے کے ذخائر، ہوا اور شمسی توانائی کے عظیم وسائل، طویل ساحلی پٹی ،کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کے ذریعے اسٹرٹیجک رابطہ کاری کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ چاہے آپ کی دلچسپی ٹیکنالوجی، صحت، انفرااسٹرکچر، مینوفیکچرنگ، ڈیجیٹل فنانس، زراعت یا ابھرتی ہوئی صنعتوں میں ہو، سندھ ترقی اور کاروباری توسیع کے لیے ایک مضبوط اور اسٹرٹیجک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے ۔ وفد کو صنعتی پارکس، دھابیجی اسپیشل اکنامک زون، آبی زراعت (Aquaculture)، سمندری خوراک کی برآمدات، گرین ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر، صحت کی سہولیات، ایجوکیشن ٹیکنالوجی، سیاحتی ریزورٹس، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، ڈی سیلی نیشن پلانٹس اور قابل تجدید توانائی سے چلنے والے ڈیٹا سینٹرز میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا گیا۔ امریکی کاروباری وفد کے اراکین نے بالخصوص قابل تجدید توانائی، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ڈیٹا سینٹرز، صحت، فِن ٹیک، ٹیکنالوجی پارکس، صنعتی زونز اور برآمدات پر مبنی صنعتوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔
مراد علی شاہ نے امریکی سرمایہ کاروں کی رہنمائی، معاونت اور سہولت کے لیے محکمہ سرمایہ کاری میں خصوصی فیسلی ٹیشن ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت دی اور وفد کو حکومتی تعاون، ریگولیٹری سہولت اور پالیسیوں کے تسلسل کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں وائس پریزیڈنٹ آپریشنز ماہین شمسی، ٹی ایس آئی انجینئرنگ انکارپوریشن کے صدر مقصود کمبوہ، انشور 123 کے بانی زین جیوانجی، وال وک جی ٹی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پیٹرک ایبل، امریکن پاکستان ایڈووکیسی گروپ کے صدر علی راشد، فرینڈز آف پاکستان کے چیئرمین عارف ظفر منصوری، فرینڈز آف پاکستان کے صدر جمال خواجہ، پاکستان امریکن شکاگولینڈ چیمبر آف کامرس کے صدر نوید انور، معروف کاروباری شخصیت نعیم زمیندار اور امریکی کاروباری برادری کے دیگر ممتاز اراکین شریک ہوئے ۔ اجلاس میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments