لاہور سمیت کئی علاقوں میں شدید حبس کے بعد بارش
نورپور تھل میں سب سے زیادہ 52، فیصل آبادمیں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل بھی جاری
لاہور (سٹاف رپورٹر سے ،کرائم رپورٹر، نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک )پنجاب میں لاہور سمیت بیشتر اضلاع میں گزشتہ روز شدید حبس کے بعد کئی مقامات پر بارش، حبس پھر بھی برقرار رہا،دوسری طرف ضلع شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے اور گرد و نواح کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز کہیں ہلکی بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش نورپور تھل میں 52 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ، گوجرانوالہ 21، راولپنڈی 5، فیصل آباد اور حافظ آباد میں 4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
لاہور میں اوسطاً 16.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس دوران تاجپورہ میں 28، جوہر ٹاؤن 24،پانی والا تالاب 20، لکشمی چوک 16 اور مناواں میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،مون سون کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہے گا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے بتایا کہ صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی جبکہ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہریوں کو دورانِ بارش خصوصی احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے رین ایڈوائزری بھی جاری کر دی ،شہریوں کو بجلی کے کھمبوں، ٹرانسفارمرز، فیڈرز اور دیگر برقی تنصیبات سے دور رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر ضلع شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے اور گرد و نواح میں زرعی زمینوں اور کھڑی فصلوں کے زیرِ آب آنے سے کسانوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے ۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مریدکے ، شیخوپورہ،حکیم پورہ،فیروز والا، پٹھان کالونی اور دیگر علاقوں کے متاثرین کو محفوظ مقامات اور امدادی کیمپوں میں بروقت منتقل کیا جارہا ہے ،متاثرین سیلاب کیلئے ادویات،خوراک اور دیگر ضروریات کی دستیابی بھی یقینی بنائی جارہی ہے ،متاثرین کو پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی کیلئے کیمپ قائم کئے گئے ہیں ،لاہور ایڈمنسٹریشن نے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی فوڈ پیکیج دیا جبکہ متاثرین کو مویشیوں کیلئے چارہ بھی دیا گیا ہے ، متاثرین کیلئے خصوصی طور پر پورٹیبل واش روم بھی مہیا کئے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments