پہلا ٹی ٹونٹی، سری لنکا ویمنز کی پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 176 رنز بنائے ، شوال ذوالفقار نے 63 رنز کی اننگز کھیلی سری لنکا نے امیشا دلانی کی ناقابل شکست 101 رنز کی اننگز کی بدولت 19 اوورز میں ہدف حاصل کر لیا،سیریز کا دوسرا میچ کل
کولمبو (سپورٹس ڈیسک)سری لنکا ویمنز نے تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان ویمنز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ دمبولا انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی شوال ذوالفقار کی پہلی ٹی20 انٹرنیشنل نصف سنچری ٹیم کو فتح نہ دلا سکی، جبکہ سری لنکا کی امیشا دلانی نے ناقابل شکست شاندار سنچری سکور کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے ، جو سری لنکا کی سرزمین پر ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان کا سب سے بڑا سکور ہے ۔
اوپنر شوال ذوالفقار نے 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ۔ منیبہ علی نے صرف 24 گیندوں پر 42 رنز بنائے ۔ ٹی20 انٹرنیشنل میں ڈیبیو کرنے والی ایمان ناصر نے 21 رنز کی اننگز کھیل کر شوال کے ساتھ 61 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ آخر میں سائرہ جبین نے 8 گیندوں پر 12 رنز بنائے ۔177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے جارحانہ آغاز کیا اور 7.1 اوورز میں 78 رنز بنا لیے ۔ پاکستان کو پہلی کامیابی نشرا سندھو نے دلائی جنہوں نے 39 رنز بنانے والی چماری کو آؤٹ کیا۔ نشرا سندھو نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ حمنا بلال نے کاویشا دلہاری کو آؤٹ کیا، تاہم امیشا دلانی نے ناقابل شکست 101 رنز بنا کر اپنی پہلی بین الاقوامی سنچری مکمل کی اور سری لنکا کو 19 اوورز میں ہدف تک پہنچا دیا۔پاکستان کی جانب سے ایمان ناصر اور بائیں ہاتھ کی اسپنر مومنہ ریاست نے ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل میں ڈیبیو کیا۔ سیریز کا دوسرا ٹی20 میچ کل اسی میدان دمبولا انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments