پاکستان لائیڈز جوائنٹ وار کمیٹی کے لسٹڈ ایریاز سے خارج، جنید انوار
شپنگ اخراجات کم ہونگے ، عالمی کمپنیوں اورسرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا ، سمٹ سے خطاب ٹرانزٹ ، ٹرانس شپمنٹ تجارت بڑھانے کیلئے نئے اقدامات کررہے ، ریئر ایڈمرل (ر)شاہد احمد
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، اے پی پی)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن اور فیلڈ مارشل کی رہنمائی میں پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر نے ایک اہم اور تاریخی کامیابی حاصل کی ہے ، پاکستان اور اس کی سمندری حدود کو لائیڈز مارکیٹ ایسوسی ایشن کی جوائنٹ وار کمیٹی کے لسٹڈ ایریاز سے خارج کر دیا گیا ۔شپنگ اخراجات کم ہوں گے اور عالمی شپنگ کمپنیوں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا۔
اسلام آباد میں دوسرے پاکستان لاجسٹکس اینڈ شپنگ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے جنید انوار نے کہا کہپاکستان کا نام 11 ستمبر 2001 کے بعد افغانستان میں امریکی کارروائی کے تناظر میں وار رسک فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ 13 مارچ 2026 کو یہ معاملہ سامنے آیا کہ پاکستان اور اس کی سمندری حدود کئی دہائیوں سے جوائنٹ وار کمیٹی کے لسٹڈ ایریاز میں شامل تھیں جس کے باعث ملکی شپنگ اور تجارت کو اضافی وار رسک انشورنس پریمیم اور سرچارجز کا سامنا تھا۔
جنید انوار نے کہا کہ مسلسل مذاکرات اور کوششوں کے نتیجے میں پاکستان اور اس کی سمندری حدود کو جوائنٹ وار کمیٹی کے لسٹڈ ایریاز سے ہٹا دیا گیا جس سے غیر ضروری وار رسک انشورنس پریمیئم اور اضافی سرچارجز میں کمی آئے گی۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد نے کہا کہ ادارہ جدید تقاضوں کے مطابق سمارٹ پورٹ کی جانب پیش رفت کر رہا ہے جبکہ آبنائے ہرمز کی حالیہ صورتحال کے تناظر میں ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ تجارت کے فروغ کے لیے نئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments