100صوبے بنا لیں، پھر بھی پی ٹی آئی جیتے گی :بیرسٹر گوہر

100صوبے بنا لیں، پھر بھی پی ٹی آئی جیتے گی :بیرسٹر گوہر

انتظامی یونٹس کی بات کرنے والے بتائیں کیا آپ کے پاس اس کا مینڈیٹ ہے فوری قومی حکومت بنا کر الیکشن کروائیں،پیپلزپارٹی کو مناظرے کا چیلنج دیتا ہوں

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ملک میں فوری طور پر قومی حکومت قائم کرنے کا مطالبہ کردیا ، انہوں نے کہا کہ انتظامی یونٹ ہوں یا نئے صوبے ، ن لیگ اور پی پی یہ کبھی نہیں ہونے دیں گی،آپ 100 صوبے بھی بنائیں ملک میں ہر طرف پی ٹی آئی ہی جیتے گی،پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آپ نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کی بات کر رہے ہیں، کیا آپ کے پاس اِس کا مینڈیٹ ہے ؟ صوبوں سے متعلق ترامیم کیلئے بڑا اتفاق رائے اور عوامی مینڈیٹ ہونا چاہیے جو دونوں بڑی جماعتوں کے پاس نہیں،بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نظام کی تباہی کی ذمہ دار ہیں ،انہوں نے کہا کہ قومی حکومت قائم کی جائے تاکہ قوم نئے انتخابات کی طرف جائے ،انہوں نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کو منگل کی شب آنکھ کے معائنہ کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

مجھے بھی اطلاع دی گئی تھی چیک اپ کے بعد ان کو پھر اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ، انہوں نے کہا جب سے ملک نئے پاکستان سے پرانے پاکستان کی طرف گیا عدلیہ تباہ ہوگئی ،معاشی خرابی پیدا ہوئی اور عوام کا نظام پر سے اعتماد اٹھ گیا، آئینی ترامیم کے بعد 90 مزید ججز کو تعینات کیا گیا پھر بھی آپ انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہے ، آپ اب انتظامی یونٹس ،نئے صوبوں کی طرف جا رہے ہیں اور سوچ رہے ہیں کہ کسی طرح پی ٹی آئی کو کمزور کیا جائے مگر عمران خان کی پورے ملک میں 90 فیصد سے زائد حمایت ہے آپ سو صوبے بنائیں ملک میں ہر طرف پی ٹی آئی ہی جیتے گی،انہوں نے کہا کہ میں بلاول سے اتفاق کرتا ہوں کہ وزیراعظم فارم 47 کی پیداوار ہیں لیکن صرف وزیراعظم ہی نہیں پیپلز پارٹی بھی فارم 47 کی پیداوار ہے ، ہماری نشستیں کراچی میں بھی چھینی گئیں،میں پیپلز پارٹی کو مناظرے کا چیلنج کرتا ہوں ۔ آئیں! بتاتا ہوں آپ نے ہماری نشستوں پر کیسے قبضہ کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...