بلوچستان،پاکستان کو غیر مستحکم کرنے ہر سازش ناکام بنائی جائے گی:سرفراز بگٹی

بلوچستان،پاکستان  کو  غیر  مستحکم  کرنے  ہر  سازش  ناکام  بنائی  جائے  گی:سرفراز  بگٹی

ملک کو تقسیم کرنے کی خواہش رکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، سیاسی جماعتیں دہشت گردی کو سیاست سے نہ جوڑیں ہتھیار چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہونیوالوں کیلئے ریاست کے دروازے کھلے ہیں :وزیراعلیٰ کا پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب فورسز نے دہشتگرد منصوبے کو ناکام بنا کر قیمتی انسانی جانیں محفوظ بنائیں،کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

کوئٹہ (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ریاست کے استحکام کیلئے بہادر سکیورٹی فورسز کے جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ایک منظم سازش کے تحت جہاں ایک طرف ریاست کو عدم  استحکام سے دوچار کرنے کیلئے دہشتگردی کے واقعات رونما ہوتے ہیں وہاں اس کا الزام بھی ریاست پر عائد کرکے انتشار پھیلانے کا پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے ، نوجوانوں کو ایک لاحاصل جنگ کی جانب دھکیلا جارہا ہے ،بلوچستان اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی، ملک کو تقسیم کرنے کی خواہش رکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف ریاست ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہتھیار چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہونا چاہتے ہیں ریاست ان کیلئے اپنے دروازے کھلے رکھے ہوئے ہے اور ان کی بحالی، تعلیم، روزگار اور سماجی انضمام کیلئے جامع منصوبہ موجود ہے ۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کو سیاست سے نہ جوڑیں کیونکہ اس وقت ریاست کو سیاست کی نہیں بلکہ ریاست کے استحکام، قومی اتحاد اور عوام کی یکجہتی کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ میں اینٹی ٹیررسٹ فورس ٹریننگ سکول میں 20 ویں ٹریننگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر خان اور کمانڈنٹ اے ٹی ایف اسد خان نے بھی خطاب کیا ،جبکہ قبل ازیں اے ٹی ایف کے جوانوں نے انسداد دہشت گردی کی پیشہ ورانہ تربیت، جنگی مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان پولیس، اے ٹی ایف، سی ٹی ڈی اور سپیشل آپریشنز ونگ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صف اول کا کردار ادا کر رہے ہیں اور حکومت ان فورسز کو مزید مضبوط، جدید اور مؤثر سٹرائیکنگ فورس کی شکل دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان فورسز کو جدید اسلحہ، آلات، تربیت اور تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ دہشت گردی کے ناسور کا مؤثر انداز میں خاتمہ کر سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے ڈیرہ بگٹی کے میر غلام قادر بگٹی میموریل ہسپتال میں بلڈ بینک کے مکمل طور پر فعال ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اسے ضلع کے عوام کے لیے صحت کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے ۔ سرفراز بگٹی نے ضلع خضدار میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے ایک بڑے دہشتگرد منصوبے کو ناکام بنا کر بے شمار قیمتی انسانی جانیں محفوظ بنائیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں بارودی مواد سے بھری دو گاڑیوں کو، جو خودکش حملوں کے لیے تیار کی گئی تھیں، بروقت نشانہ بنا کر تباہ کیا اور انہیں چلانے والے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے چار دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...