پاکستان اور ایف اے او کا غذائی تحفظ کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد(نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہاہے کہ پاکستان عالمی کاربن اخراج میں نہایت معمولی حصہ ڈالنے کے باوجود موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔
موسمیاتی لچک پیدا کرنے اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ایف اے او مزید تکنیکی تعاون فراہم کرے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں خوراک و زراعت کی تنظیم(ایف اے او) کے ایشیا و بحرالکاہل کے لیے ڈپٹی ریجنل نمائندے رابرٹ سمپسن نے شرکت کی۔ اجلاس میں جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا اور پائیدار زراعت اور دیہی ترقی کے لئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا ۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کے ساتھ تنظیم کی دیرینہ شراکت داری کو سراہا ۔ رابرٹ سمپسن نے وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے اشتراک سے قومی موسمیاتی فورم کے انعقاد کی تجویز بھی پیش کی جس کا وفاقی وزیر نے خیرمقدم کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ اجلاس میں دونوں فریقوں نے موسمیاتی لچک، پائیدار زراعت، لائیو سٹاک کی ترقی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments