آزاد کشمیر انتخابات کا دوسرا مرحلہ کل،عوام گھروں سے نکلیں:چیف الیکشن کمشنر
مظفرآباد ڈویژن 9 ،مہاجرین کی 12نشستوں پر پولنگ ، انتظامات مکمل ، ضابط اخلاق ،قانون پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک ، تحفظ کیلئے افواج کی کوئیک رسپانس فورس موجود ہوگی :جسٹس(ر )غلام مصطفی مغل
مظفر آباد، اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں ) آزاد کشمیر جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفر آباد ڈویژن کی 9اور مہاجرین کی 12نشستوں پر کل پولنگ ہوگی ، انتخابات کے پرامن، شفاف اور منصفانہ انعقاد کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر،ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ آفس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تمام امیدواروں، سیاسی جماعتوں، پولنگ ایجنٹس، اسسٹنٹ پولنگ سٹیشن عملہ اور ووٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتخابی ضابط اخلاق اور قانون پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں ، انتخابی عمل کو شفاف اور پرامن بنانے کے لئے تمام سکیورٹی ادارے اور ضلعی انتظامیہ الرٹ ہے جبکہ ووٹرز سے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی ، شام 5 بجے تک پولنگ سٹیشن کے اندر یا قطار میں موجود ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کا مکمل حق حاصل ہوگا۔ اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس( ر )غلام مصطفی مغل نے کہا کہ قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں عوام حق رائے دہی استعمال کرنے کے لئے گھروں سے نکلیں۔
جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام گھرمیں بیٹھ جائیں گے تو پھر مسئلہ جلسے جلوس اور احتجاج سے حل نہیں ہوگا،صاف شفاف اور پر امن الیکشن کے انعقاد کے لئے سندھ بلوچستان کے پی پنجاب اور گلگت بلتستان سے بھی سکیورٹی اہلکار آزاد کشمیر میں تعینات کئے جا رہے ہیں ،چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ووٹرز کے تحفظ کے لئے مسلح افواج کی کوئیک رسپانس فورس بھی موجود ہوگی ، ادھر ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے کہا کہ 2 اگست کو مہاجرین نشستوں پر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے راولپنڈی ڈویژن میں فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے ۔ راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور مری کے چار حلقوں میں قائم 175 پولنگ سٹیشنوں پر 4 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے تاکہ ووٹرز کو پرامن، محفوظ اور شفاف ماحول میں حق رائے دہی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments