چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے عدالتی انتظامی کمیٹی ازسرنوتشکیل دیدی

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے  عدالتی انتظامی کمیٹی ازسرنوتشکیل دیدی

کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے عدالت کی انتظامی کمیٹی ازسرنو تشکیل دے دی، چیف جسٹس سمیت 5 ججز پر مشتمل نئی انتظامی کمیٹی کے ارکان کے اختیارات اور ذمہ داریاں بھی مقرر کردی گئیں۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت انتظامی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کو ایڈمنسٹریشن جج ون، جسٹس محمد فیصل کمال عالم کو ایڈمنسٹریشن جج ٹو، جسٹس ارشد حسین خان کو ایڈمنسٹریشن جج تھری اور جسٹس محمد سلیم جیسر کو ایڈمنسٹریشن جج فور مقرر کیا گیا ہے ، نوٹیفکیشن کے مطابق نئی انتظامی کمیٹی نے اس حوالے سے جاری تمام سابقہ احکامات کو منسوخ کردیا ۔ چیف جسٹس کے پاس روسٹر اور کاز لسٹس، ہائیکورٹ کے ججز سے متعلق تمام امور، بینچ اور سرکٹ کورٹس سے متعلق معاملات، عدالتی افسران اور ہائیکورٹ کے سٹاف سے متعلق امور، ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں کے بجٹ، سول و فوجداری اختیارات دینے اور دیگر اہم انتظامی معاملات ہوں گے ،چیف جسٹس کو خریداری کمیٹی کی سفارش پر 3 لاکھ روپے سے زائد کے اخراجات کی منظوری کا اختیار بھی دیا گیا ہے ، تاہم آئی ٹی سے متعلق معاملات میں آٹومیشن اینڈ کورٹ ٹیکنالوجیز کمیٹی کی سفارش ضروری ہوگی۔ نوٹیفکیشن کی نقول سندھ بھر کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سندھ ماتحت عدلیہ سروس ٹریبونل، سندھ ہائیکورٹ کے ڈائریکٹر لائبریری و ریسرچ، ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی، سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر، ایڈووکیٹ جنرل سندھ، پراسیکیوٹر جنرل سندھ، سکھر بینچ اور حیدرآباد، لاڑکانہ و میرپورخاص سرکٹ کورٹس کے ایڈیشنل رجسٹرارز سمیت دیگر متعلقہ افسران کو ارسال کردی گئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...