حکومت سندھ، اے کے یو۔آئی ای ڈی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط
کراچی (سٹاف رپورٹر) شمولیتی تعلیم کے فروغ اور خصوصی ضروریات رکھنے والے افراد کو بااختیار بنانے کیلئے حکومت سندھ اور آغا خان یونیورسٹی۔
انسٹی ٹیوٹ فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ (اے کے یو۔آئی ای ڈی)نے جمعہ کو43 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 5سالہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کیے ، جس کے تحت خصوصی تعلیمی ضروریات (ایس ای این) یونٹ قائم کرنے اور سندھ بھر میں پائیدار، شواہد پر مبنی جامع تعلیمی نظام تشکیل دینے کا منصوبہ ہے ۔ دستخط کی تقریب چیف منسٹر ہاؤس میں ہوئی، جس کے گواہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ تھے ۔ معاہدے پر حکومت سندھ کے محکمہ بااختیاری معذور افراد (ڈی ای پی ڈی) اور آغا خان یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ (اے کے یو۔آئی ای ڈی) کے درمیان دستخط کیے گئے ۔معاہدے کے تحت اے کے یو۔آئی ای ڈی میں خصوصی تعلیمی ضروریات کا ایک مخصوص یونٹ قائم کیا جائے گا، جو شمولیتی تعلیم کے شعبے میں اساتذہ کی تعلیم، پیشہ ورانہ ترقی، تحقیق، جدت، پالیسی معاونت اور بہترین طریقہ کار کے عملی مظاہرے کے لیے مرکز امتیاز کے طور پر کام کرے گا۔
شراکت داری کے تحت خصوصی تربیتی سہولیات، جن میں حسی کمرے ، تھراپی رومز اور وسائل مراکز شامل ہیں، کی تیاری پر بھی توجہ دی جائے گی، جبکہ شواہد پر مبنی پالیسی سازی اور عوامی آگاہی کے اقدامات میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔تقریب میں آغا خان یونیورسٹی کے صدر اور وائس چانسلر ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین، ڈین اے کے یو۔آئی ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر فرید پنجوانی، یونیورسٹی کی سینئر قیادت، نیٹ ورک آف آرگنائزیشنز ورکنگ فار پرسنز ود ڈس ایبلٹیز پاکستان (این او ڈبلیو پی ڈی پی) کے نمائندگان، ترقیاتی شراکت داروں، ماہرین تعلیم، اعلیٰ سرکاری افسران اور تعلیم و معذوری کے شعبوں سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے معاہدے کو سندھ میں زیادہ جامع اور مساوی معاشرے کے قیام کی کوششوں میں ایک سنگ میل قرار دیا۔ ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین نے کہا کہ یہ شراکت داری اس مشترکہ عزم کی عکاس ہے کہ ہر بچے کو اس کی صلاحیت سے قطع نظر بامعنی اور اعلیٰ معیار کے تعلیمی مواقع تک رسائی حاصل ہو۔محکمہ ڈی ای پی ڈی کے سیکریٹری طحہٰ احمد فاروقی نے شرکا کو شراکت داری کے وژن، مقاصد اور دائرہ کار کے بارے میں بریفنگ دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments