کشمیر پاکستان کا سب سے لاڈلہ بچہ :ڈی جی آئی ایس پی آر

کشمیر پاکستان کا سب سے لاڈلہ بچہ :ڈی جی آئی ایس پی آر

آزاد کشمیر میں مظاہرین ڈنڈے کے زور پر مہاجرین کی نشستیں ختم کرنا چاہتے ہیں مظاہرین سے کہا آپ الیکشن لڑیں ،اسمبلی میں آئیں، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف

راولپنڈی (مانیٹر نگ ڈیسک)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کا سب سے لاڈلہ بچہ ہے ، کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔انہوں نے کہا پاکستان کا کشمیر کے ساتھ تعلق صرف جغرافیائی نہیں بلکہ تاریخی، نظریاتی، آئینی اور جذباتی بنیادوں پر قائم ہے ، یہی وجہ ہے کہ ہر پاکستانی کے دل کی آواز آج بھی یہی ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کشمیر کے معاملے پر گزشتہ برسوں میں حقوق کے نام پر ایک مخصوص بیانیہ تشکیل دینے کی کوشش کی گئی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اس کھیل کے اصل مقاصد بھی سامنے آچکے ہیں۔ بعض عناصر نے یہ موقف اختیار کیا کہ مقبوضہ کشمیر سے آنے والے کشمیریوں کو نمائندگی نہیں ملنی چاہیے ، حالانکہ کشمیریوں کی قربانیوں اور پاکستان سے ان کی وابستگی کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔جو کشمیری وہاں سے آئے وہ کیوں چھوڑ کے آئے ؟ کیونکہ وہاں ظالم نظام ہے ۔آزاد کشمیر میں مظاہرین ڈنڈے کے زور پر مہاجرین کی نشستیں ختم کرنا چاہتے ہیں،ریاست نے مظاہرین سے کہا کہ آپ الیکشن لڑیں،اسمبلی میں آئیں، ان کا ایجنڈا سب کے سامنے واضح ہوتا جارہا ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اگر وسائل کی تقسیم کی بات کی جائے تو پاکستان میں سب سے زیادہ حصہ آزاد جموں و کشمیر کو دیا جاتا ہے ، کیونکہ ریاست پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے ۔چاہے کشمیری آزاد کشمیر کا رہائشی ہو یا مقبوضہ کشمیر کا، اس کے دل کی آواز یہی ہے کہ میری جان پاکستان ہے ۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ کشمیری عوام کی پاکستان سے محبت کسی سیاسی مصلحت کا نتیجہ نہیں بلکہ نسلوں پر محیط ایک مضبوط رشتہ ہے ۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ پاکستان آج بھی عالمی سطح پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور ہر فورم پر ان کی آواز بلند کر رہا ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک فوج میں بھی کشمیر کے بہادر سپوت وطن کے دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا میں بھی کشمیری جوان شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والے عناصر حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن کشمیری عوام کی پاکستان سے محبت، ان کی قربانیاں اور قومی اداروں میں ان کی نمایاں خدمات اس پروپیگنڈے کا موثر جواب ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور ان کے حق خودارادیت کے لیے اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا فیصلہ پکا ہے ، اب بھارت نے کچھ تو کرنا ہے ، انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں 10 لاکھ کے قریب سکیورٹی فورسز لگائی ہوئی ہے ، 2019 میں بھی طبیعت صاف کی تھی،2025 میں تو اگلی پچھلی طبیعتیں صاف ہوگئیں، مقبوضہ کشمیر کے لوگ ان سے پوچھ رہے ہیں پہلگام میں تمہاری سکیورٹی کدھر تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...