کئی شہروں میں طوفانی بارش ،نظام زندگی درہم برہم،5افراد جاں بحق

کئی  شہروں  میں  طوفانی  بارش ،نظام  زندگی  درہم  برہم،5افراد  جاں  بحق

راولپنڈی،بہارہ کہو میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ، مری میں لینڈسلائیڈنگ،4منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی فیروزوالہ میں بدستور سیلابی صورتحال ، لاہور،فیصل آباد ،گوجرانوالہ،پوٹھوہار،خیبرپختونخوامیں آج بھی بادل برسیں گے

 لاہور،اسلام آباد،راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے ،خصوصی رپورٹر،نیوزرپورٹر،نمائندہ دنیا،مانیٹرنگ ڈیسک )ملک کے مختلف شہروں  میں مون سون کی طوفانی بارشیں جاری، نظام زندگی درہم برہم، آسمانی بجلی گرنے اورپانی میں ڈوبنے کے واقعات میں کمسن بچوں سمیت 5افراد جاں بحق ہو گئے ۔ اسلام آبادمیں مون سون کی وقفہ وقفہ سے جاری طوفانی بارشوں نے معمولِ زندگی درہم برہم کر دیا،مری میں لینڈ سلائیڈنگ سے 4 منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی جبکہ جھیکا گلی، کوثر کالونی اور ڈھک کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد مکانات خطرے کی زد میں آگئے ۔ راولپنڈی کے نالہ لئی میں پانی کی سطح 10 فٹ ریکارڈ کی گئی جس کے بعد گوالمنڈی پر پری الرٹ نافذ کر دیا گیا ،مختلف علاقوں میں پچاس سے زائد گھروں ،راجہ بازار کی دکانوں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کو لاکھوں کا نقصان ہو گیا، علاوہ ازیں مصریال روڈ کی فرینڈز کالونی میں کھیلتے ہوئے کمسن بچہ برساتی نالے میں ڈوب گیا،اسلام آبادکے مضافاتی علاقے بہارہ کہومیں بارش نے تباہی مچادی، اٹھال چوک تالاب کا منظر پیش کرتارہا،جبکہ نالوں کی صفائی نہ ہونے سے پانی گھروں اوردوکانوں میں داخل ہوگیا ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اسلام آباد صاحبزادہ یوسف کی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود رہے اور نکاسی آب کے آپریشن کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی گئی۔

علاوہ ازیں پختونخوا میں ایبٹ آباد شہر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، اہم شاہراہیں زیر آب آنے سے شاہراہ ریشم،مری روڈ،پی ایم اے روڈ سمیت دیگر اہم سڑکوں پر ٹریفک جام ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ ضلع صوابی میں ٹوپی کازوے کا اپروچ روڈ ایک بار پھر سیلابی ریلے میں آ کر بہہ گیا جس کے نتیجے میں ٹوپی، کوٹھا، انبار اور ملحقہ علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا،ہر قسم کی ٹریفک معطل ہونے سے ہزاروں شہری شدید مشکلات کا شکار ہو کر رہ گئے ۔ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش پنجاب میں راولپنڈی (کچہری 103، شمس آباد 73)، مری 99، اٹک 80، اسلام آباد (سیدپور 68، زیرو پوائنٹ 62)، سیالکوٹ سٹی 67، لاہور 46، نارووال 42، سرگودھا ، گوجرانوالہ ، شیخوپورہ 3، منگلا، جہلم ، اوکاڑہ ، قصور 1،پختونخوا میں سیدو شریف 42، پشاور 21، آزادکشمیر میں بالاکوٹ 6، گڑھی دوپٹہ میں 44 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تاہم دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا ۔ پنڈ دادنخان کے علاقہ ٹوبہ میں برساتی پانی میں ڈوب کر18سالہ محسن اور13سالہ اخلاق ساکن بھلہ جاں بحق ہوگئے ، ادھر تحصیل شکرگڑھ کے علاقہ چک امرو میں20 سالہ نوجوان نالہ بسنتر میں ڈوب گیا ،آخری اطلاعات تک لاش نہ مل سکی جبکہ وہاڑی کے نواحی گاؤں 50 ڈبلیو بی میں شدید بارش کے دوران28 سالہ نوجوان عمران بلوچ گھر کی چھت پر موجود تھا کہ اچانک آسمانی بجلی اس پر آن گری اوروہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

دوسری طرف پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے )نے فیکٹ شیٹ جاری کرتے بتایا ہے کہ رواں مون سون کے دوران مختلف حادثات میں45 افراد جاں بحق اور279 زخمی ہوئے ،پنجاب کے بیشتر دریاؤں چناب ،جہلم ،راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے تاہم وزیر آباد نالہ پلکھو میں درمیانے ،نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔ جبکہ محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ آج یکم اگست کو اسلام آباد،راولپنڈی،خطہ پوٹھوہار، پشاور، نوشہرہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور،فیصل آباد اور سندھ کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارشوں سے نشیبی علاقے زیرآب آنے ،بالائی خیبر پختونخوا ، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ،ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔ دریں اثناء ضلع شیخوپورہ کی تحصیل فیروزوالا میں سیلابی صورتحال برقرار ہے اورکئی آبادیاں زیرآب ہیں ،متاثرہ علاقوں میں بعض مقامات تک رسائی کیلئے کشتی کا سہارا لیا جا رہا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کئی لوگوں نے گھر کی چھتوں پر عارضی پناہ لے رکھی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...