13 افسر تبدیل ، ڈاکٹر طاہر قائم مقام سیکرٹری پلاننگ تعینات
ڈاکٹر مرزا علی محسود ایڈیشنل اور کامران فاروق انصاری جوائنٹ سیکرٹری مذہبی امور تعینات اقبال حسین جوائنٹ سیکرٹری مواصلات مقرر، احمد ندیم ، انتخاب عالم کا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تبادلہ عبادت نثار، کیپٹن(ر)اجمل، کیپٹن(ر)واحد محمود، حسن افضل ،معروف عثمان ایف سی میں تعینات
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی حکومت نے وزارتِ منصوبہ بندی و ترقی، وزارتِ مذہبی امور سمیت مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں میں ایڈیشنل سیکرٹریز اور جوائنٹ سیکرٹریز کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے احکامات جاری کر دئیے ۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وزارتِ منصوبہ بندی و ترقی کے گریڈ 21 کے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر محمد طاہر نور کو سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی کا لُک آفٹر (قائم مقام) چارج سونپ دیا گیا ہے ۔ گریڈ 21 کے ڈاکٹر مرزا علی محسود کو ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور اورگریڈ 20 کے کامران فاروق انصاری کو وزارتِ مذہبی امور میں جوائنٹ سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے جبکہ وزارتِ مذہبی امور کے جوائنٹ سیکرٹری احمد ندیم خان (گریڈ 20) کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق میں تعینات جوائنٹ سیکرٹری سید انتخاب عالم (گریڈ 20)، ڈپٹی سیکرٹری ہارون الرشید (گریڈ 19) اور ڈپٹی سیکرٹری محمد رمضان (گریڈ 19) کو بھی تبدیل کرکے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔خیبرپختونخوا حکومت میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 19 کے افسر اقبال حسین کو سیکشن 10 کے تحت وزارتِ مواصلات میں جوائنٹ سیکرٹری تعینات کر دیا گیا ۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 19 اور 18 کے پانچ افسران کو تبدیل کرکے فوری طور پر فیڈرل کانسٹیبلری میں تعینات کر دیا ۔ ان افسران میں پنجاب میں تعینات گریڈ 19 کے عبادت نثار، کیپٹن (ر) محمد اجمل اور کیپٹن (ر) واحد محمود شامل ہیں جبکہ پنجاب حکومت کے گریڈ 18 کے حسن افضل اور بلوچستان میں تعینات گریڈ 18 کے محمد معروف عثمان کی خدمات بھی فیڈرل کانسٹیبلری کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments