پٹرولیم لیوی کیخلاف جمعہ کو فیصلہ کن احتجاج ہوگا:حافظ نعیم
7 اگست کو سڑکیں بند کر کے حکمرانوں کو عوام کو ریلیف دینے پر مجبور کیا جائیگا کشمیری عوام آزادی کی جدوجہدمیں ضرورکامیاب ہونگے ،یومِ استحصال پر پیغام
لاہور،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،اپنے رپورٹر سے )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی بھتہ کیخلاف 7 اگست کا ملک گیر احتجاج فیصلہ کن عوامی طاقت کا مظاہرہ ثابت ہوگا۔ لاکھوں شہری گھروں سے نکلیں گے ، اہم شاہراہوں پر دھرنے دئیے جائینگے اور اضلاع کو ملانے والی سڑکیں بند کر کے حکمرانوں کو عوام کو ریلیف دینے پر مجبور کیا جائے گا۔منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا احتجاجی تحریک کی تیاریاں آخری مرحلے میں ہیں۔ یہ احتجاج کسی سیاسی مفاد کیلئے نہیں بلکہ مہنگائی، بے روزگاری اور ناقابل برداشت ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہر پاکستانی کے حقوق کی جنگ ہے۔
6 اگست کو لاہور کی وحدت روڈ پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام پٹرولیم لیوی کیخلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کروں گا، جہاں خواتین بھی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف بھرپور آواز بلند کریں گی۔انہوں نے نوجوانوں سے خصوصی اپیل کی کہ وہ 7 اگست کو موٹر سائیکلوں پر نکلیں ،شاہراہوں پر لا کر پرامن انداز میں سڑکیں بند کریں اور احتجاج کو کامیاب بنائیں ۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا احتجاج میں رکاوٹیں ڈالنے سے گریز کیا جائے اورمطالبہ کیا کہ پٹرولیم لیوی فوری ختم ، آئی پی پیز کے مہنگے معاہدوں پر نظرثانی ، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے فوری مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے یومِ استحصالِ کشمیر پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو آج سات برس ہو چکے ہیں مگر یہ اقدامات نہ تنازع کشمیر کی حیثیت تبدیل کر سکے اور نہ ہی کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو کمزور کر سکے ۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانیوں کے دل کشمیری بھائیوں کیساتھ دھڑکتے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کی طویل جدوجہد آزادی ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی، کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرینگے اور الحاق پاکستان کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے میں کامیاب ہونگے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments