جماعت اسلامی کا پٹرولیم لیوی، بڑھتے ٹیکسوں کیخلاف آج ملک گیر احتجاج : 510 مقامات پر دھرنے ہونگے : حافظ نعیم

جماعت اسلامی کا پٹرولیم لیوی، بڑھتے ٹیکسوں کیخلاف آج ملک گیر احتجاج : 510 مقامات پر دھرنے ہونگے : حافظ نعیم

پٹرولیم لیوی ختم، پٹرول 225 روپے لٹر کیا جائے :امیر جماعت اسلامی ،لاہور میں خواتین کے مظاہرے سے خطاب لاہور میں مرکزی احتجاج فیروزپور روڈ سے شروع ہو گا، قرطبہ چوک چاروں اطراف سے بند کرنیکا منصوبہ تیار:ذرائع

 لاہور ،اسلام آباد (سیاسی نمائندہ،اپنے رپورٹرسے )جماعت اسلامی پاکستان پٹرولیم لیوی ، بڑھتے ٹیکسوں اور مہنگائی کے خلاف آج 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کرے گی، شام 4 بجے احتجاجی دھرنے اور مظاہرے ہوں گے ، لاہور میں قرطبہ چوک، کراچی میں شارع فیصل، اسلام آباد میں فیض آباد (26 نمبر چونگی)، پشاور میں موٹروے ٹول پلازہ، کوئٹہ میں میزان چوک پر دھرنے د یئے جائیں گے جبکہ گزشتہ روز جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام لاہور ،اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔لاہور میں وحدت روڈ پر مظاہرے سے خطاب کے دوران امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک بھر میں 510 مقامات پر دھرنے دیئے جائیں گے اور احتجاج پرامن ہوگا، اہم شاہراہوں پر ٹریفک روکی جائے گی تاہم ایمبولینسوں کو گزرنے کی اجازت ہوگی ، اگر احتجاج میں رکاوٹ ڈالی گئی تو احتجاجی تحریک کا دائرہ وسیع کردینگے ،حکومت پٹرولیم لیوی ختم اور پٹرول کی قیمت 225 روپے فی لٹر مقرر کرے ،حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مناسب کمی نہیں کی۔

لاہور میں وحدت روڈ پر احتجاجی ریلی میں لاہور بھر سے خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی اور دیگر رہنماؤں نے بھی شرکا سے خطاب کیا۔ مقررین نے حکومت سے عوام کو فوری ریلیف دینے کا مطالبہ کیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مزید کہا کہ عوام پر پٹرول بم گرائے جا رہے ہیں جبکہ حکمران اپنی عیاشیاں ختم کرنے کے بجائے اربوں روپے خرچ کر رہے ہیں،اگر حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف یہ احتجاج حکومت گراؤ تحریک میں تبدیل ہو سکتی ہے ،عوام سے اپیل ہے وہ اس استحصالی نظام کے خلاف جاری تحریک میں بھرپور شرکت کریں۔ادھر اسلام آباد میں بھی جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیرِ اہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا، سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ سید، عفت سجاد اور قدسیہ ناموس نے خطاب کیا۔خواتین نے ہاتھوں میں پلے کارڑز،جھنڈے اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جس میں مہنگائی اور پٹرولیم لیوی خاتمے کے مطالبات درج تھے ۔دریں اثناء حافظ نعیم الرحمن نے جاری اپنے ویڈیو پیغام میں عوام سے احتجاج میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عوام نے آواز بلند نہ کی تو مزید لیوی اور ٹیکس عائد کیے جا سکتے ہیں،شہری جمعہ کی نماز کے بعد شام 4 بجے سڑکوں پر نکلیں اور احتجاجاً اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند کر دیں ، جس طرح عوام نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا تھا اسی طرح اب بھی منظم انداز میں باہر نکلنے کی ضرورت ہے ۔ دوسری طرف پارٹی ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام آج 7اگست کا مرکزی احتجاج شام 5بجے فیروزپور روڈ قرطبہ چوک سے شروع ہوگااوراحتجاج کیلئے قرطبہ چوک کو چاروں اطراف سے بند کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...