لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، پختونخوا میں 9 ہلاکتیں
راولپنڈی میں نالہ لئی بپھرنے کے بعد تھم گیا، 6سالہ بچی حریم جاں بحق چشمہ اور جناح بیراج میں نچلے درجے کا سیلاب،مزیدبارش کی پیش گوئی
لاہور،اسلام آباد، پشاور (نیوزایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور اور اسلام آباد، راولپنڈی میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ،کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ، لاہور میں گڑھی شاہو، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، چوبرجی، سمن آباد، وحدت روڈ، شاد مان، گارڈن ٹاؤن، کیولری، والٹن روڈ، بیدیاں روڈ، بھٹہ چوک، علی پارک ، شاہدرہ میں بادل جم کر برسے۔
جڑواں شہروں اسلام آباد اورراولپنڈی میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ، راولپنڈی میں نالہ لئی بپھرنے کے بعد تھم گیا، انتظامیہ نے شہریوں کو نالہ لئی کے اطراف جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے ،شہر کے مصروف علاقے کمیٹی چوک میں بارش کے دوران والد بچوں کو گاڑی میں بٹھا رہے تھے کہ اس دوران6سالہ حریم اچانک لاپتہ ہو گئی۔ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ بچی پھسل کر قریبی نالے میں گر گئی ہے ۔
خیبرپختونخوا میں تیز بارش اور فلیش فلڈ کے باعث مزید 9افراد جاں بحق اور 7زخمی ہوگئے جبکہ103گھروں کو نقصان پہنچا ، پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کی رپورٹ کے مطابق ہلاکتیں ایبٹ آباد، سوات، بونیر، خیبر، چترال لوئر سمیت مختلف اضلاع میں ہوئیں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق دریائے سندھ میں چشمہ اور جناح بیراج میں نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم مرطوب رہنے کی توقع ہے ،تاہم کشمیر، گلگت بلتستان ،خیبرپختونخوا ، اسلام آباداور بالائی و وسطی پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments