انسانی اعضا پیوند کاری کیس:دو ملزموں کی ضمانت منسوخی کا حکم برقرار

انسانی اعضا پیوند کاری کیس:دو ملزموں کی ضمانت منسوخی کا حکم برقرار

عدالت کا حکم سپریم کورٹ کے ضمانت منسوخی سے متعلق وضع اصولوں کے عین مطابق ٹرائل کورٹ کیس د ئیے گئے وقت میں میرٹ پر کیس کا فیصلہ کرے ،اسلام آباد ہائیکورٹ انسانی اعضا کی خریدوفروخت کیس میں بینچ کی تبدیلی کیلئے فائل چیف جسٹس بھجوا دی گئی

اسلام آباد(رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکور ٹ نے انسانی اعضا کی غیر قانونی پیوند کاری کیس میں سیشن کورٹ کی جانب سے ملزمان کی ضمانت منسوخی کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج کی عدالت کاآرڈر سپریم کورٹ کے ضمانت منسوخی سے متعلق وضع کئے گئے اصولوں کے عین مطابق ہے ،جسٹس محمد اعظم خان نے ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے نجی ہسپتال سے منسلک سید عدیل حیدر اور ڈاکٹر نادر حسین کی ضمانت بحالی کی درخواستیں خارج کرتے ہوئے کہاکہ ایڈیشنل سیشن جج کی جانب سے 20جولائی کو جاری ضمانت منسوخی کا فیصلہ برقرار رکھا جاتاہے ،ٹرائل کورٹ قانون کے مطابق ملزمان کے خلاف کیس کی سماعت جاری رکھے ،ٹرائل کورٹ قانون میں د ئیے گئے وقت میں میرٹ پر کیس کا فیصلہ کرے ،ڈاکٹر نادر حسین کے اکاؤنٹ میں 20 لاکھ کی منتقلی اور دفعہ 164 کے بیانات ریکارڈپر موجودہیں،ایف آئی اے کو ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ ایکٹ کے تحت تحقیقات کا مکمل قانونی اختیار حاصل ہے ،عدالت نے سید عدیل حیدر اور ڈاکٹر نادر حسین کی ضمانت منسوخی کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے مزید کہاکہ ملزم سید عدیل حیدرنجی ہسپتال میں گردہ پیوند کاری پروگرام کے کوآرڈی نیٹر کے طور پر کام کر رہے تھے۔

ڈاکٹر نادر حسین پر غیر قانونی طور پر گردہ پیوند کاری کے آپریشنز کرنے کا الزام ہے ،جوڈیشل مجسٹریٹ کا 9 جون کا ضمانت منظور کرنے کا حکم بادی النظر میں غیر قانونی غلط تھا،ضمانت منظوری کا آرڈر عدالتی اختیارِ سماعت کے نقص سے متاثر اور قانون و حقائق کی غلط تشریح و تفہیم پر مبنی تھا،ایڈیشنل سیشن جج نے معقول اور قانونی وجوہات قلم بند کرتے ہوئے درست طور پر ضمانت منسوخ کی،ایڈیشنل سیشن جج کا آرڈر سپریم کورٹ کے ضمانت منسوخی سے متعلق وضع کئے گئے اصولوں کے عین مطابق ہے ،درخواست گزاروں کی جانب سے جن عدالتی نظائر پر انحصار کیا گیا ہے ، وہ موجودہ مقدمے کے حقائق سے مختلف ہیں ۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے انسانی اعضا کی مبینہ غیر قانونی خرید و فروخت کے مقدمے میں گرفتار تین غیر ملکیوں کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے بینچ تبدیلی کے لئے فائل چیف جسٹس آفس بھجوا دی۔ سماعت کے دوران لی گنگ سائی، پنگ فی گوو اور وانگ باؤ کی جانب سے بیرسٹر یاور گردیزی پیش ہوئے ۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اسی نوعیت کی درخواستیں پہلے ہی جسٹس اعظم خان کے بینچ میں زیر سماعت ہیں، لہٰذا یہ مقدمات بھی اسی بینچ کو منتقل کیے جائیں۔اس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس د ئیے کہ جسٹس اعظم خان موسمِ گرما کی تعطیلات پر ہیں اور انہیں واپس آنے میں تقریباً ایک ماہ لگ سکتا ، بعد ازاں عدالت نے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے بینچ تبدیلی کے لیے فائل چیف جسٹس آفس ارسال کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...