مزارقائد خستہ حالی،سکیورٹی ،صفائی صورتحال پرسینیٹ کمیٹی برہم
2017 سے باؤنڈری وال کی مناسب دیکھ بھال نہ ہوئی:سیکرٹری قومی ورثہ کااعتراف مزید غفلت ہرگز برداشت نہیں،متعلقہ ادارے فوری اقدامات کریں:کمیٹی کی ہدایت
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت کی ذیلی کمیٹی نے مزارِ قائد کی خستہ حالی، سکیورٹی اور صفائی کی صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اصلاحی اقدامات کی ہدایت کر دی، جبکہ کمیٹی نے واضح کیا کہ قومی ورثے کی حفاظت میں مزید غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔سینیٹر سید وقار مہدی کی زیر صدارت اجلاس میں مزارِ قائد سے متعلق گزشتہ اجلاس کی سفارشات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں سینیٹر بشریٰ انجم بٹ، سینیٹر سرمد علی (ویڈیو لنک کے ذریعے ) اور مختلف وفاقی و سندھ حکومت کے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔وفاقی سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمان گیلانی نے کمیٹی کو بتایا کہ سکیورٹی، پانی اور بجلی سے متعلق بعض مسائل حل کر دیئے گئے ہیں جبکہ باقی امور بھی جلد نمٹا دیئے جائیں گے ۔کمیٹی نے مزارِ قائد کی دیواروں پر وال چاکنگ اور باؤنڈری وال کی خراب حالت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری مرمت کا حکم دیا،سیکرٹری قومی ورثہ نے اعتراف کیا کہ 2017 سے باؤنڈری وال کی مناسب دیکھ بھال نہیں ہوئی، جبکہ سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے قومی یادگار کو نظر انداز کیے جانے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔سینیٹر سید وقار مہدی نے ہدایت کی کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک رکن قومی اسمبلی، ایک سینیٹر اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کو قائداعظم مزار مینجمنٹ بورڈ میں شامل کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments