پٹرولیم ڈیلرز کی دی گئی 15 روزہ مہلت ختم، صورتحال پھر کشیدہ
کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے )کی جانب سے وزارت پٹرولیم کو مسائل کے حل کے لیے دی گئی 15 روزہ مہلت ختم ہونے کے بعد صورتحال دوبارہ کشیدہ ہوگئی۔ ڈیلرز نے پیرکو ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔،
جس میں ملک گیر ہڑتال، پٹرول پمپ بند کرنے اور دیگر احتجاجی آپشنز پر غور کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پی پی ڈی اے نے وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ ڈیلرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی برقرار رہ سکے ۔پی پی ڈی اے کے چیئرمین ملک خدابخش نے کہا کہ حکومت کی ڈیلی پٹرولیم پرائس ایڈجسٹمنٹ پالیسی نے ڈیلرز کو شدید مالی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ۔ روزانہ قیمتوں میں ردوبدل سے موجودہ اسٹاک پر مسلسل نقصان ہوتا ہے جبکہ ورکنگ کیپیٹل بھی متاثر ہو رہا ہے ۔وائس چیئرمین طارق حسن کے مطابق روزانہ قیمتوں میں تبدیلی کا بوجھ خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے پٹرول پمپ مالکان برداشت نہیں کر پا رہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات منظور نہ ہوئے تو ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔دوسری جانب آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے بھی وزیر پٹرولیم کو خط ارسال کرتے ہوئے ڈیلی پرائسنگ پالیسی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ 22 جولائی کے اجلاس میں وزارت نے اس نظام پر نظرثانی کے لیے دو ہفتے کی مہلت طلب کی تھی، تاہم مقررہ مدت گزرنے کے باوجود نہ کوئی فیصلہ سامنے آیا اور نہ ہی پٹرول پمپ مالکان کو پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ روزانہ قیمتوں کے تعین کے نظام پر ازسرنو غور کیا جائے اور کسی بھی نئی پالیسی کے نفاذ سے قبل پٹرولیم ڈیلرز، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور دیگر متعلقہ فریقوں سے بامعنی مشاورت کی جائے تاکہ ایسا نظام تشکیل دیا جا سکے جو حکومت، صنعت اور صارفین، تینوں کے لیے قابلِ قبول ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments