خیبر پختونخوا ، بلوچستان : بھارتی حمایت یافتہ 10 دہشتگرد ہلاک، کیپٹن شہید
ہنگو میں فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگرد مارے گئے ،کیپٹن حمزہ اکرم نے لڑتے شہادت پائی کمبیلہ اورعاصم آباد میں 3دہشتگرد ہلاک،سرغنہ سمیت 4زخمی،12مشتبہ افراد زیر حراست
راولپنڈی، پشاور(دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز کی بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کارروائیوں کے دوران 10دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک کیپٹن مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد مارے گئے ، دہشتگردوں نے مسجد کی حرمت کو پامال کرتے ہوئے مسجد کو پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا۔نارووال کے رہائشی 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور شہید ہو گئے ، ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک خوارج سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگو میں مزید خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔دوسری طرف سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن رَدُّ الفتنہ 3 میں بلوچستان کے علاقے کمبیلہ اورعاصم آباد میں فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گرد ہلاک کردئیے گئے جبکہ 2لاشیں بھی برآمد کی گئیں۔ فورسزنے کمبیلہ اورعاصم آباد میں سرچ اینڈ سینی ٹائزیشن آپریشن کرکے 68 مربع کلومیٹرعلاقہ کلیئرکرالیا، سکیورٹی فورسزکی کارروائی میں4 دہشت گرد زخمی ہوئے جن میں دہشت گرد سرغنہ شوکت ماما بھی شامل ہے ، آپریشن کے دوران12 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کرکے فتنہ الہندوستان کے جھنڈے ہٹادئیے گئے ، آپریشن رَدُّ الفتنہ 3 دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی ارض وطن کے لیے لازوال قربانیوں کی مقروض ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کیپٹن حمزہ اکرم شہید نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی،دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی کیپٹن حمزہ اکرم شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments