لاہور میٹرو بس سروس 11 اگست سے بند کرنے کا نوٹس
مالی وسائل ختم ہوچکے ، بسوں کے لیے ایندھن کی فراہمی جاری رکھنا ممکن نہیں رہا:کمپنی کا مو قف پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ ، چند روز میں پیش رفت متوقع
لاہور(شیخ زین العابدین)لاہور میٹرو بس سروس کے مستقبل پر بڑا سوال کھڑا ہوگیا، نجی کمپنی ویڈا نے گیارہ اگست سے آپریشن معطل کرنے کا نوٹس دے دیا۔کمپنی کا مؤقف ہے کہ مالی وسائل ختم ہوچکے ، بسوں کے لیے ایندھن کی فراہمی جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔ویڈا نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سے اپنے ذرائع سے فوری اور بلاتعطل ایندھن فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔دوسری جانب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے ویڈا کے نوٹس کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق لاہور کی اہم ترین سفری سہولت، میٹرو بس سروس، ایندھن کی فراہمی کے تنازع کے باعث بندش کے قریب پہنچ گئی۔
نجی آپریٹر ویڈا نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو باقاعدہ نوٹس جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے اگر فوری طور پر ایندھن کی بلاتعطل فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو گیارہ اگست سے لاہور میٹرو بس سروس کے تمام آپریشنز معطل کردئیے جائیں گے ۔ویڈا کے مطابق کمپنی اپنے مالی وسائل استعمال کرتے ہوئے بس سروس کو مزید جاری رکھنے کی پوزیشن میں نہیں رہی جبکہ ایندھن کی خریداری کے لیے دستیاب وسائل بھی ختم ہوچکے ہیں۔کمپنی نے اپنے نوٹس میں ان خطوط کا حوالہ بھی دیا جو اکتیس جولائی اور چار اگست کو پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو ارسال کیے گئے تاہم ان کا تاحال جواب نہیں دیا گیا۔
ویڈا اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے نمائندوں کے درمیان چھ اگست کو اجلاس بھی ہوا جس میں 29 جولائی کے عدالتی حکم پر عملدرآمد، بالخصوص ایندھن کی فراہمی کے معاملے پر بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں کمپنی نے واضح کردیا تھا اس کے مالی وسائل ختم ہوچکے ہیں اور مزید آپریشن جاری رکھنا ممکن نہیں جبکہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے حکومتی ہدایات کے بغیر کسی فیصلے سے معذرت کی۔اجلاس کے بعد پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے حل یا متبادل انتظام فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی تاحال عملی شکل اختیار نہیں کرسکی۔
کمپنی نے ممکنہ معطلی کی ذمہ داری بھی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے آپریشن بند ہونا ویڈا کی کسی غلطی، ڈیفالٹ یا سروس جاری رکھنے سے انکار کا نتیجہ نہیں ہوگا۔ویڈا کے مطابق آپریشنز کی معطلی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مالی، قانونی اور آپریشنل معاملات کی ذمہ داری پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی پر عائد ہوگی۔کمپنی نے اپنے معاہداتی، قانونی اور ثالثی حقوق بھی محفوظ رکھتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ دستیاب قانونی راستے اختیار کرنے کا حق رکھتی ہے ۔دوسری جانب پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے ویڈا کے نوٹس کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آئندہ چند روز میں اس معاملے پر ہونے والی پیش رفت سروس کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments