عوام پاکستان پارٹی سے انتخابی نشان بھی واپس لے لیاگیا
اسلام آباد(ایس ایم زمان)سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کی بنائی گئی جماعت عوام پاکستان کو الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے پر انتخابی جماعتوں کی فہرست سے خارج کرتے ہوئے انتخابی نشان واپس لے لیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے عوام پاکستان پارٹی کو الاٹ کیا گیا انتخابی نشان کلاک واپس لے لیا، عوام پاکستان پارٹی دو سال قبل جولائی 2024 میں قائم کی گئی تھی، جس کے پہلے صدر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ہیں اور سیکرٹری جنرل سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ہیں،عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی مقررہ مدت میں جماعتی انتخابات نہیں کرا سکے ہیں، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق عوام پاکستان پارٹی کے خلاف انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے کے مقدمے میں الیکشن کمیشن حکم کے تحت جماعت کو انتخابی فہرست سے خارج کر دیا گیاہے۔
الیکشن کمیشن نے متعلقہ حکام کو فیصلے سے آگاہ کرنے کے ساتھ عوام پاکستان پارٹی کی متعلقہ فائل بھی ریکارڈ کا حصہ بنانے کی ہدایت کی ہے ، مذکورہ فیصلہ عوام پاکستان پارٹی کے لیے سیاسی اثرات رکھتا ہے ، مذکورہ پارٹی نے تشکیل کے بعد کسی انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا اور نئی سیاسی جماعت عام انتخابات میں حصہ لینے سے پہلے ہی انتخابی فہرست سے ختم کیے جانے کے ساتھ اس کا انتخابی نشان بھی واپس لے لیا گیا ہے ، الیکشن کمیشن احکامات کے مطابق جماعت آئندہ انتخابی عمل میں سابقہ انتخابی نشان کے تحت حصہ نہیں لے سکے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments