کئی علاقوں میں بارش، سڑکیں اور نشیبی علاقے زیرآب

کئی علاقوں میں بارش، سڑکیں اور نشیبی علاقے زیرآب

لاہور ایئرپورٹ میں 106 ملی میٹر بارش ریکارڈ ،مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند شہری علاقوں میں کم سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خطرہ ،کہیں کہیں آج بھی بارش

اسلام آباد ،لاہور(آن لائن،اے پی پی،این این آئی ) ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے نکاسی آب کا نظام متاثر،متعدد سڑکیں اور نشیبی علاقے زیر آب ، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ، صوبائی دارالحکومت میں لیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کرنے سے متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مون سون کے پانچویں سپیل سے جل تھل ایک ہو گیا ،پنجاب میں لاہور، سیالکوٹ، مری، ملتان اور دیگر علاقوں میں بارش سے حبس زدہ موسم قدرے خوشگوار ہو گیا،لاہور کے متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش کاسلسلہ کئی گھنٹے جاری رہا ،لاہور میں سب سے زیادہ بارش ایئرپورٹ اور اطراف میں 106 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ مغلپورہ میں 18.8، تاجپورہ 29.2، نشتر ٹاؤن 5.4، چوک ناخدا 3.4 اور ہیڈ آفس گلبرگ میں 1.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔اسی طرح جوہر ٹاؤن میں 4.6، ڈیفنس روڈ پر 14.8، شادی پورہ  20، کاہنہ 12.6 جبکہ مناواں میں 47.8 ملی میٹر بارش ہوئی،جس کے باعث مختلف نشیبی علاقے اور شاہراہیں پانی میں ڈوب گئیں، ٹریفک کا نظام سست روی کا شکار رہا ، کچا جیل روڈ پر ڈیڑھ فٹ تک پانی جمع ہونے سے پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا،موسلا دھار بارش میں لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی۔

دریں اثناء سیالکوٹ میں 58، اسلام آباد (سیدپور 31)، چکوال 11،مری 10، ڈی جی خان 6 ،گڑھی دوپٹہ 8، بارکھان 7، میر کھانی 6اوردِیر میں 1ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، ہفتہ کوریکارڈ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 44، دادواور تربت میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہا،محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم و مرطوب ر ہے گاتاہم کہیں کہیں بارش کا امکان ہے ۔ ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب موجود تاہم راوی، چناب، جہلم، کابل اور ستلج میں بہا ؤمعمول کے مطابق ہے ، آج ملک کے بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر میں باغ اور کوٹلی ،بلوچستان میں ژوب، موسیٰ خیل، کوہلو، بارکھان اور ڈیرہ بگٹی میں کم سے درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے ،راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، اوکاڑہ اور لاہور کے شہری علاقوں میں کم سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...