گڈز ٹرانسپورٹ کی ملک گیر پہیہ جام ہڑتال، حکومت کی مطالبات تسلیم کرنیکی یقین دہانی

گڈز ٹرانسپورٹ کی ملک گیر پہیہ جام ہڑتال، حکومت کی مطالبات تسلیم کرنیکی یقین دہانی

حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے :ملک شہزاد ،اویس چودھری، ٹول ٹیکس میں 200 فیصد اضافہ قبول نہیں :ملک جمیل، شیر علی ویڈیو لنک اجلاس، ٹرانسپورٹرز کو مذاکرات کیلئے کل بلا لیا، موٹروے پولیس کو ایک مہینے میں کرپشن فری کر دینگے :عبدالعلیم خان

 کراچی،لاہور، اسلام آباد،کوئٹہ (دنیا نیوز، سٹاف رپورٹر سے ، نیوز ایجنسیاں)آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے حکومت کی جانب سے مطالبات تسلیم نہ کئے جانے پرغیر معینہ مدت تک کیلئے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال شروع کردی، لاہور سمیت مختلف شہروں میں گڈز ٹرانسپورٹ اور منی مزدا ٹرانسپورٹ کی سروسز بند،اربوں روپے کی تجارت متاثر اور اشیا کی ترسیل رک گئی، گڈز ٹرانسپورٹ اڈوں تک محدود ہوگئی ۔ صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے کل (پیر کو)ٹرانسپورٹ اتحاد کو اجلاس کیلئے طلب کیا ہے ، حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے ، اجلاس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔

دریں اثناء آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر اویس چودھری نے کہا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں اور ٹول ٹیکس میں فوری ریلیف دیا جائے ، ناجائز چالان، بھاری جرمانوں کے قوانین تبدیل کئے جائیں،مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی، حکومت مذاکرات میں سنجیدہ اور عملی پیش رفت کرے ۔ صدر منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن حاجی شیر علی کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کے پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں روزانہ ردوبدل ختم کرنے ،منسوخ ساڑھے 7ہزار گاڑیوں کے لائسنس بحال کرنے سمیت دیگرمطالبات تسلیم کئے جائیں ۔

چیئرمین پنجاب گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن ملک محمد جمیل نے کہا ہے کہ جب اخراجات آمدن سے بڑھ جائیں اور کاروبار مسلسل نقصان کا شکار ہو تو ہڑتال کے سوا کوئی راستہ نہیں رہتا،غیر قانونی ٹیکسز ، مختلف اداروں کی مبینہ رشوتوں اور بھاری جرمانوں نے گڈز ٹرانسپورٹ کا کاروبار تباہ کردیا ، ٹول ٹیکس میں 200 فیصد اضافہ، 24 ہزار روپے تک ٹریفک چالان جرمانے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ زیادتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے جائز مطالبات تسلیم کرکے مسائل کا فوری حل نکالیں بصورت دیگر ہڑتال جاری رہے گی۔ ادھر بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی نور محمد شاہوانی ، ترجمان حاجی روزی خان ، حاجی ظاہر خان نے کہا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کی کال پر بلوچستان میں بھی ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی ۔ جبکہ آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے بھی ہڑتال کی حمایت کردی۔

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ویڈیو لنگ اجلاس میں گڈز ٹرانسپورٹرز کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات تسلیم کئے جائیں گے جبکہ گڈز ٹرانسپورٹروں کے نمائندہ وفد کو کل مذاکرات کیلئے اسلام آباد بلا لیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات سے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے عہدیداران کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات، آئی جی موٹرویز اور متعلقہ دیگر افسر وں نے شرکت کی جبکہ گڈزٹرانسپورٹرز کی نمائندہ تنظیموں کے عہدیداران بھی موجود تھے ۔ ملک شیر اعوان، افتخار بٹ، ملک شفاء اللہ، ندیم افضل نے ایکسل لوڈ،ایس آر او، موٹرویز پر بھاری گاڑیوں کے مسائل اور دیگر امور پر گفتگو کی۔

عبدالعلیم خان نے انہیں جائز مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ موٹرویز اور شاہراہوں کے تحفظ کیلئے ٹرانسپورٹرز کو تعاون کرنا چاہئے ،اوور لوڈڈگاڑی کو موٹروے پر نہیں آنے دینگے ۔ وفاقی وزیر نے آئی جی موٹرویزکو رشوت خور اور بدعنوانی کے مرتکب اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کر دی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹروے پولیس کو ایک ماہ میں کرپشن فری کریں گے ،بد عنوانیوں کے مرتکب اہلکاروں کو صرف برطرف نہیں بلکہ ان کے خلاف پرچے بھی درج کریں گے ، مزدا ایسوسی ایشن اور 10 ویلرز کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ، ایکسل لوڈ پالیسی پر آج سے ہی عملدرآمد ہو گااور کالی بھیڑوں کو نکال باہر کریں گے ،گڈز ٹرانسپورٹرز کو انتہائی اقدام کی طرف نہیں جانا چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...