میر رضا ، پوسٹمارٹم کی ابتدائی رپورٹ، گولی پیچھے سے لگی

میر رضا ، پوسٹمارٹم کی ابتدائی  رپورٹ، گولی پیچھے سے لگی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)تاجر میر رضا علی کے دوسرے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق میر رضا کو گولی پیچھے سے لگی تھی، جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے، پسلیاں ٹوٹی ہوئی تھیں، سر اور چہرے پر زخموں کے متعدد نشانات پائے گئے، جسم پر کالے دھبے بھی تھے۔

 ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پولیس سرجن کے اٹھائے تمام 14 سوالات کا جواب ابتدائی رپورٹ میں مل گیا ہے ۔ میر رضا کی قبر کشائی کے عمل کے بعد سے میڈیکل ٹیم پولیس سرجن آفس میں موجود تھی، میر رضا علی کے والد اور وکیل جبران ناصر بھی پولیس سرجن آفس میں موجود تھے ۔ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ سمیع اللہ سومرو کا  کہنا ہے کہ میر رضا کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ سے آگاہ نہیں کیا گیا، رپورٹ سے متعلق اب تک رابطہ نہیں کیا گیا۔تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا کی قبر کشائی کے دوران مجموعی طور پر 17 سیمپل حاصل کیے گئے ، 4 نمونے ڈی این اے جانچ جبکہ دیگر کیمیکل ایگزامن کی غرض سے حاصل کیے گئے، 2 ریفرنس سیمپل میر رضا علی کے والدین سے حاصل کیے گئے جن سے ڈی این اے میچ کیا جائے گا۔ کیمیکل ایگزامن اور ڈی این اے رپورٹس کا رزلٹ 3 سے 4 روز میں متوقع ہے ۔ قبر کشائی کے دوران حاصل تمام نمونوں کو محفوظ کرلیا گیا، پیر کے روز جامعہ کراچی کی فارنزک لیب میں تمام سیمپل جمع کرائے جائیں گے ۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ قبر کشائی کا عمل ہفتہ کو تقریباً 3 گھنٹے تک ماہرین کی نگرانی میں کیا گیا تھا۔میر رضا کے والدین کے وکیل جبران ناصر ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ اگر رپورٹ میں کچھ آگیا تو 2 دن میں قاتل کو پولیس سامنے لے آئے گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جبران ناصر نے کہا کہ میر رضا کی قبر کشائی کی تمام کارروائی مکمل کر لی گئی ہے ۔ پولیس سرجن کی جانب سے 14 تحفظات اٹھائے گئے تھے جن کے جوابات مل جائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...