16 اگست کو صوبائی دارالحکومتوں میں دھرنے ہونگے :حافظ نعیم

16 اگست کو صوبائی دارالحکومتوں میں دھرنے ہونگے :حافظ نعیم

لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس، پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں گورنر ہائوسز کے باہر پاکستان، سعودیہ اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدے کا خیرمقدم :اجلاس سے خطاب

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک میں مزید تیزی لائی جائے گی اور 16 اگست کو چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں دھرنے دئیے جائیں گے ۔امیر جماعت اسلامی پاکستان کی زیر صدارت منصورہ میں مرکزی و صوبائی ذمہ داران کے خصوصی اجلاس میں وسیع مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ یوم آزادی تقریبات میں جماعت اسلامی، اس کا یوتھ اور خواتین ونگ بھرپور شرکت کریں گے اور اس دوران جماعت اسلامی ملک میں عادلانہ نظام کے قیام کے لیے عوام کو منظم کرے گی۔ آزادی تقریبات کے دو روز بعد لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس اور خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں گورنر ہائوسز کے باہر دھرنے دیے جائیں گے اورحکمرانوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا جائے گا۔

اجلاس میں قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ، نائب امرا لیاقت بلوچ، ڈاکٹر اسامہ رضی، پروفیسر ابراہیم، ڈاکٹر عطا الرحمن، ڈپٹی سیکرٹریز اظہر اقبال حسن، سید وقاص جعفری، رسل خان بابر، ممتاز سہتو، شیخ عثمان فاروق، سید فراست شاہ، عبدالحق ہاشمی،قیم صوبہ بلوچستان مرتضیٰ کاکڑ، قیم صوبہ سندھ محمد یوسف، امیر پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، امیر پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری، امیر پنجاب جنوبی سید ذیشان اختر، امیر کے پی وسطی عبدالواسع، امیر کے پی شمالی عنایت اللہ خان، امیر ہزارہ عبدالرزاق عباسی، امیر کراچی منعم ظفر، امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، معاون خصوصی امیر جماعت عمیر ادریس، سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی اور ڈائریکٹر میڈیا سیل سلمان شیخ شریک تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک جتنا ایک دوسرے کے ساتھ جڑتے جائیں گے ، اتنا ہی ایک مضبوط اسلامی بلاک تشکیل پائے گا اور غیر مسلم طاقتوں اور دشمن ممالک پر پاکستان سمیت مسلم دنیا کا انحصار کم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر لیوی کے نام پر بھتہ قبول نہیں، پٹرول کی موجودہ قیمتیں قبول نہیں، پٹرول 225 روپے فی لٹر کیا جائے ۔عوام کو اس وقت ناقابل برداشت مہنگائی کی آگ میں جھونک دیا گیا ہے ، جبکہ حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں، شاہانہ اخراجات اور مراعات میں کمی لانے کے لیے تیار نہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران اپنے جہاز ختم نہیں کرتے ، سرکاری گاڑیوں کا حجم اور اخراجات کم نہیں کرتے ، مفت پٹرول اور مفت بجلی جیسی مراعات ختم نہیں کرتے ، لیکن طالب علموں اور موٹر سائیکل سواروں، مزدوروں اور کسانوں کی جیبوں سے ایک ایک روپیہ نچوڑا جا رہا ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی پٹرولیم لیوی کے خاتمے ، بجلی کی قیمتوں میں کمی اور آئی پی پیز کے مسئلے کے حل سمیت عوام کے بنیادی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...