شہدا ، غازیوں کیلئے 78 سول اعزازات کی منظوری
وزیر داخلہ کی زیرصدارت کمیٹی اجلاس میں اعزازات کی منظوری دی گئی پاکستان شہداء ،غازیوں کی قربانیوں کا ہمیشہ احسان مند رہے گا ، محسن نقوی
اسلام آباد (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت گیلنٹری ایوارڈز سے متعلق خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں وطن عزیز کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور غیر معمولی شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے غازیوں سمیت مختلف کیٹیگریز میں 78 افراد کو سول اعزازات دینے کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں شہداء اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے افراد کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ ملک و قوم کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں اور غیر معمولی شجاعت کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ریاست کی قومی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کا ہمیشہ احسان مند رہے گا اور ان کی خدمات قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری ، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے ، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، جبکہ چاروں صوبوں کے نمائندے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments