پختونخوا کو امن چاہیے،وسائل،معدنیات پر پہلا حق عوام کا:حافظ نعیم

پختونخوا  کو  امن  چاہیے،وسائل،معدنیات  پر  پہلا  حق  عوام  کا:حافظ  نعیم

مکہ دفاعی معاہدہ عالم اسلام کے اتحاد کی جانب پہلا قدم، ایران دیگر ممالک کو بھی شامل کیا جائے :امیر جماعت اسلامی افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے دے :پریس کانفرنس ، بیرسٹر گوہر سے والدہ کے انتقال پر تعزیت

پشاور،بونیر (آئی این پی،آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پختونخوا کو امن چاہیے ، وسائل، معدنیات پر پہلا حق عوام کا ہے ، فارم 47 کی حکومت نے عوام کا جینا حرام کر رکھا ، 16 اگست کو چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں پٹرولیم لیوی، آئی پی پیز مافیا اور اشرافیہ کی مراعات و عیاشیوں کے خلاف دھرنے ہوں گے ، عوامی مفاد کیلئے سب ہمارا ساتھ دیں، مکہ دفاعی  معاہد ہ عالم اسلام کیلئے نیک شگون اوراتحاد کی طرف پہلا قدم ہے ، ایران دیگر اسلامی ممالک کو بھی اس میں شامل کیا جانا چاہیے ،افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز اسلامی پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم نے مزیدکہا کہ ملک میں پٹرول کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہو چکا،مختلف ٹیکسز کے ذریعے عوام سے بھاری رقم وصول کی جا رہی ، متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ چکیں، دیگر ممالک میں ایک دو بار پٹرول مہنگا ہوا، پاکستان میں قیمتیں روزانہ بڑھائی جا رہی ہیں ،حکومت پٹرولیم لیوی بالکل ختم کرے ، پٹرول 225 روپے لٹر اور اشیا سستی کی جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سال پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ حکومت نظام چلانے میں ناکام ہوچکی، اب حکومت خود اپنی ناکامی کا اعتراف اور اظہار کر رہی ہے ، نئے صوبوں کے قیام کے فیصلے عوام کی مرضی کے مطابق ہونے چاہئیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد نہ ہونے سے امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہوئی،خیبر پختوانخو اکے عوام کو امن کی فراہمی حکمرانوں کی اولین ذمہ داری ہے ، پاکستان افغانستان تجارت کی معطلی سے دونوں ممالک کے تاجر بے حد پریشان ہیں، سرحدی تجارت کو کھولا جائے ، سٹیک ہولڈرز کی مشاوت سے پاک افغان سرحدی تجارتی زون بننا چا ہئے ،تعلقات کی بحالی کے لیے سعودی عرب، ترکیہ کی مدد بھی لی جاسکتی ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وادی تیراہ سے لوگوں کو ایک ماہ کے لیے نکالا گیا اور ان سے وعدہ کیا گیا کہ ایک ماہ میں آپریشن کے مکمل ہونے کے بعد ان کی گھروں کو واپسی ہوجائے گی جو کئی ماہ گزرنے کے بعد تاحال نہیں ہوسکی۔

ایک سوال کے جواب میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تحفظ تحریک آئین پاکستان کے ساتھ رابطے میں ہیں، اتحادوں کے ماضی میں کوئی اچھے نتائج نہیں تھے ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے پر جو الزامات عائد کر رہے ہیں وہ ٹھیک بول رہے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے سسٹم کی ناکامی کے اعتراف کے بعد نظام کا ازسرنوجائزہ لینا پڑے گا، انتظامی یونٹ بڑھانے کا طریقہ کار آئین میں موجود ہے ، آئین سے ماورا کوئی چیز کرنے سے شکوک و شہبات پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے آزاد جموں وکشمیر کی صورتحال پر کہا کہ ہمارا موقف بڑا واضح ہے کہ یہ مسئلہ طاقت کے استعمال سے بگڑ چکا اور مزید بگڑے گا، پختونخوا اور آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال پر سوالات اٹھ رہے ہیں ، سوات کاواقعہ انتہائی افسوسناک ہے ،امن کے قیام کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا جائے ۔علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی رہائش گاہ بونیر جا کر ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا،اس موقع پر مرحومہ کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...