سرکاری حج سکیم کے تحت درخواستیں رواں ماہ وصول کی جا ئینگی
رقوم ون لنک ، پی ایس آئی ڈی، کریڈٹ کارڈسے جمع کرا ئی جا سکیں گی
اسلام آباد (سیدقیصرشاہ)حج 2027 کی درخواستوں اور اخراجات کی وصولی کے طریقہ کار کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ، سرکاری سکیم کی درخواستوں کی وصولی اگست کے تیسرے ہفتے میں شروع کی جائے گی ،درخواستیں پہلے آئیے ، پہلے پائیے کی بنیاد پر لی جا ئیں گی ۔عازمین ون لنک ، پی ایس آئی ڈی اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے رقوم جمع کرا سکیں گے ، آن لائن چالان حاصل کر کے نقد رقم بھی جمع کرا ئی جا سکے گی ۔بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے درخواستیں اور واجبات جمع کرا سکیں گے ۔ درخواستیں اور رقوم صرف حبیب بینک کے ذریعے وصول کی جائیں گی، حج اخراجات دو مساوی اقساط میں وصول کیے جائیں گے ۔ صرف رجسٹرڈ عازمین حج ہی درخواستیں اور واجبات جمع کرا سکیں گے ، سرکاری سکیم میں لانگ اور شارٹ حج، دونوں کے لیے درخواستیں وصول کی جائیں گی ، نجی سکیم کی درخواستوں اور واجبات کی وصولی کی حکمت عملی کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ حج 2027 کا مجموعی کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے ، سرکاری حج سکیم کے لیے 60 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے جس کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین فریضہ حج ادا کر سکیں گے ۔نجی حج سکیم کے لیے 40 فیصد کوٹہ مختص ہے جس کے تحت 71 ہزار 684 عازمین کو حج کی سہولت میسر ہو گی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments