دوسرے صوبوں میں خدمت کرنا چاہتی ہوں:مریم نواز
سندھ کے رہنے والوں کی پریشانی دل سے محسوس کرتی ہوں، وفد کی ملاقات
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب ہی نہیں بلکہ سندھ اوردیگر صوبوں کے لوگوں کی بھی خدمت کرنا چاہتی ہوں، کراچی اور سندھ کے لوگوں کی پریشانی بھی دل سے محسوس کرتی ہوں، وزیراعلیٰ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کررہی تھیں، آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے وفد نے معیار تعلیم کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اقدامات کو سراہا اور نواز شریف سکول آف ایمیننس پراجیکٹ کو قابل تحسین قرار دیا وفد نے فروغ تعلیم کے لئے بھرپورتعاون کی پیشکش بھی کی،وزیراعلیٰ نے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی طرف سے محکمہ تعلیم پنجاب سے اشتراک کار کی پیشکش کا خیر مقدم کیا ،اس موقع پر نواز شریف سکول آف ایمیننس میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے نصاب کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، آکسفورڈ یونیورسٹی پریس ٹیچر ز کے لئے ڈیجیٹل ٹریننگ پروگرام، کیپسٹی بلڈنگ، ٹیچنگ گائیڈ اور دیگر امور میں معاونت کرے گا ، وزیر اعلٰی نے کہاکہ نواز شریف سکول آف ایمیننس میں داخلے کے لئے ہزاروں طلبا کی انٹری ٹیسٹ میں شرکت اعتماد کا ثبوت ہے ، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لوگ اب سرکاری سکول میں داخلوں کے لئے کوشاں نظر آتے ہیں، آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے وفد نے فروغ تعلیم کے لئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سکول آف ایمیننس کا معیار حیران کن حد تک اعلیٰ ہے ،دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف اضلاع میں پینے کے صاف پانی کے جاری پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔
مریم نواز نے اجلاس میں پینے کے پانی کی فراہمی کے منصوبے کے تحت ہر فرد ، ہر گھر تک صاف پانی کی فراہمی کا عزم کیا، اجلاس میں منتخب اضلاع میں پائپ کے ذریعے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، پائلٹ پراجیکٹ کے لئے ساؤتھ، سنٹرل، نارتھ پنجاب کے 6 اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے ، راجن پور،لاہور،فیصل آباد، چکوال، راولپنڈی اور مری /کوٹلی ستیاں میں پائپ واٹر پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا، وزیراعلیٰ نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، واسا اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ماہرین سے مشاورت کی ہدایت کی اور کم آمدن والے گھرانوں کو پینے کے صاف پانی کے پراجیکٹ میں ترجیح دینے کا حکم دیا، وزیراعلیٰ نے صاف پانی کے ذرائع سے محروم علاقوں میں پانی پہنچانے کی بھی ہدایت کی،وزیراعلیٰ نے میٹنگ کے دوران ہی ڈی سی راجن پور عمران رانجھا اور ڈی سی چکوال سارہ حیات سے متعلقہ اضلاع میں پینے کے صاف پانی کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا اور ہدایت کی کہ پانی کی کمی اورآبی آلودگی کا شکار علاقوں میں واٹر ٹینکر،واٹر باؤزر کے ذریعے پانی پہنچا یا جائے ، وزیراعلیٰ نے کوہ سلیمان کے دوردراز علاقوں میں بوتل بند پانی پہنچنے پر مسرت کا اظہار کیا اور شاباش بھی دی، علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے جرمن نژاد پاکستانی ڈاکٹر رتھ فاؤ کی برسی پر اپنے خصوصی پیغام میں پاکستان میں جذام کے مریضوں کیلئے خدمات سرانجام دینے پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا ،انہوں نے کہا کہ جذام جیسے لاعلاج مرض کے خاتمے کے لئے ڈاکٹر روتھ فاؤ کی خدمات کو تادیر یاد رکھاجائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments