گڈز ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال جاری، اشیا کی ترسیل معطل

 گڈز ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال جاری، اشیا کی ترسیل معطل

کراچی میں خام خوردنی تیل سے بھرے ٹینکرز رُک گئے ، فیصل آباد میں ٹرک سٹینڈز بند، اشیاکی قلت کا خدشہ حکومت تیل کی قیمتوں، ٹول ٹیکس میں نمایاں کمی سمیت دیگر مطالبات فوری تسلیم کرے :گڈزٹرانسپورٹر رہنما

لاہور،کراچی ،اسلام آباد،گوجرانوالہ(خبر نگار، نیوز  ایجنسیاں، نیوز رپورٹر)آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کی کال پر مطالبات کے حق میں گڈز ٹرانسپورٹ کی غیر معینہ مدت کیلئے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال تیسرے روز بھی جاری رہی، ایک سے دوسرے شہراشیا کی ترسیل مکمل طور پر معطل،اشیائے ضروریہ کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور روزانہ ردوبدل، بھاری ٹول ٹیکس، چالان اور جرمانوں کے خلاف ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال سے دوسرے شہروں کو سامان کی ترسیل رُک چکی، جس سے تاجر و بیوپاری شدید مشکلات کا شکار ہیں،ہڑتال کی حمایت میں پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن اور پاکستان ایڈیبل آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی شمولیت سے کراچی میں پورٹ قاسم اور اطراف میں خام خوردنی تیل سے بھرے متعدد ٹینکرز بھی کھڑے کر دیئے گئے ۔ ادھر فیصل آباد میں جھنگ روڈ اور ریلوے مال گودام کے ٹرک سٹینڈزبھی مکمل بند ہیں،حکومت اور ٹرانسپورٹ اتحاد کے مابین مذاکرات کامیا ب نہ ہوئے تو ہڑتال طول پکڑنے سے ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی شدید قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

گڈز ٹرانسپورٹرزاتحاد کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کاروبار چلانا ناممکن ہو چکا ہے ،حکومت ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں، ٹول ٹیکس اور جرمانوں میں فوری نمایاں کمی کرے۔ دریں اثنا منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے سرپرستِ اعلیٰ محمد الطاف نے احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی دھمکی دے دی۔ منی مزدا مالکان کا کہنا ہے کہ حکام سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے ،حکومت ٹول ٹیکس اور ٹرانسفر فیس کے معاملات پر نظرثانی ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا سلسلہ ختم کرے ، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کریں گے ۔ مزید برآں گوجرانوالہ گڈز کیرئیر ایسوسی ایشن نے بھی غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے دوسرے شہروں کو سامان کی ترسیل مکمل طور پر روک دی ۔ ہڑتال کے باعث تمام مال بردار ٹرک، ٹریلرز اور کنٹینرز اڈوں پر کھڑے کر دیے گئے۔

چیئرمین گڈز کیرئیر ایسوسی ایشن طیب بٹ نے کہا کہ روزانہ تیل کی قیمتوں میں ردوبدل،ٹول ٹیکس میں کئی گنا اضافے ، بھاری چالان اور جرمانوں نے ٹرانسپورٹ کے کاروبار کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ، جائز مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔ دوسری طرف گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال کے معاملے پر پاکستان ٹیکسٹائل کونسل (پی ٹی سی)نے وزیراعظم شہباز شریف سے فوری مداخلت کی اپیل کر دی۔چیئرمین پاکستان ٹیکسٹائل کونسل فواد انور نے وزیراعظم شہباز شریف ، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو خط ارسال کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8 اگست سے جاری گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعت کی سپلائی چین متاثر ہو رہی ہے ، برآمدی کنٹینرز کی نقل و حرکت بھی متاثر ہوگئی،درآمدی خام مال بندرگاہوں پر رکا ہوا ہے ، تعطل جاری رہا تو معاشی نقصان بڑھتا جائے گا۔ وزیراعظم متعلقہ حکومتی اداروں اور ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں کو ایک میز پر لائیں اورہڑتال ختم کرائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...