وزیر اعظم کا کسٹمز بانڈڈ وئیر ہاؤسز میں بے ضابطگیوں پر کارروائی کا حکم
کسی بھی بے ضابطگی کی گنجائش نہیں، تین سال کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت اقلیتوں کومساوی حقوق حاصل ، دفاع کیلئے ان کی قربانیاں ناقابل فراموش:شہبازشریف
اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شر یف نے ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ وئیر ہاؤسز کا تین سال کا آزادانہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسٹمز بانڈڈ وئیر ہاؤسز میں کسی بھی بے ضابطگی کی گنجائش نہیں،فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کسی بھی بے ضابطگی اور غیر قانونی سرگرمی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے ۔اجلاس کو کسٹم بانڈڈ وئیر ہاؤسز اور ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کسٹمز وئیر ہاؤسز میں پٹر ولیم مصنوعات سے متعلق کارگو کی نگرانی وی-باک سسٹم سے منسلک ہے ،وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر کے کسٹم بانڈڈ وئیر ہاؤسز کی فزیکل سٹاک ویریفیکشن کروائی جائے گی ،دریں اثنا وزیر اعظم آفس میں مذہبی اقلیتوں کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے قیام پاکستان سے تعمیر پاکستان تک زندگی کے ہر شعبے میں مسلمانوں کے شانہ بشانہ اقلیتوں کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں نے بلا تفریق مذہب مل کر قدم سے قدم ملا کر ملک کو تعمیر و ترقی سے ہمکنار کرنا ہے ، قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق آئین پاکستان میں تمام پاکستانیوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔
تقریب میں وفاقی وزراء، ارکان اسمبلی اور ملک بھر سے مختلف اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات شریک تھیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مسیحی، ہندو، سکھ اور پارسی کمیونٹی سمیت تمام اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے بھائیوں اور بہنوں کا ہمارے دل میں بہت احترام ہے ، اقلیتوں نے تحریک پاکستان میں قائداعظم کا ساتھ دے کر تعمیری کردار ادا کیا جو تاریخ کا حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے 11 اگست کے خطاب کی روشنی میں اقلیتوں کو آئین پاکستان میں مساوی حقوق حاصل ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ اقلیتی برادریوں نے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، تعلیم کے میدان میں کرسچن کمیونٹی کی خدمات کی ستائش نہ کرنا ناانصافی ہوگی۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے اپنی اور اپنے بہن بھائیوں کی مسیحی سکولوں میں ابتدائی تعلیم کا بھی ذکر کیا اور یاد دلایا کہ تعلیمی شعبے میں ان کی نمایاں خدمات ہیں ، ملکی دفاع کے لئے بھی ان کی قربانیاں ناقابل فراموش اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انہوں نے بھی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب، پاکستان، ترکیہ کے مابین مکہ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، یہ امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کیلئے ہے۔ انہوں نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کیلئے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا ۔
تقریب میں وزیراعظم نے ملک کے لئے نمایاں خدمات سر انجام دینے والی اقلیتی برادری کی شخصیات کو ایوارڈز اور اعزازات سے بھی نوازا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے ، حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے ضروری اقدامات کر رہی ہے ، وزیر مملکت برائے مذہبی بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے دن پر وزیراعظم کی شرکت ہمارے لئے باعث افتخار ہے ، ہم فخر سے کہتے ہیں کہ پاکستان سب کا پاکستان ہے ۔ سینیٹر خلیل طاہر سندھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے نیشنل کمیشن فار مائنارٹیز ایکٹ خوش آئند ہے ، اقلیتوں نے پاکستان کی ترقی کے لئے ہمیشہ کردار ادا کیا،علاوہ ازیں وزیراعظم سے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج نے ملاقات کی اور وزیراعظم کو تاریخی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پر مبارکباد دی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments