بحرین کی بھی مکہ دفاعی معاہدے پر پاکستان کو مبارکباد
بحرینی وزیر خارجہ الزیانی کا اسحاق ڈار کو فون، دورہ پاکستان کی خواہش کا اظہار نائب وزیر اعظم کا سینیگال کے وزیر خارجہ کوفون،رابطے بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد(وقائع نگار،اے پی پی)بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے گزشتہ شب ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط ہونے پر اسحاق ڈار کو مبارکباد پیش کی۔ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے اس موقع پر مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔اسحاق ڈار نے بحرینی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کی خواہش کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور ان کے نیک جذبات پر شکریہ ادا کیا۔اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ پاکستان اور بحرین کے درمیان برادرانہ تعلقات کے تناظر میں ہوا۔دریں اثنا اسحاق ڈار نے سینیگال کے وزیر خارجہ شیخ نیانگ سے منگل کو ٹیلی فون پر گفتگو کی، دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان اور سینیگال کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کثیرالجہتی فورمز بالخصوص اقوام متحدہ میں جاری تعاون اور باہمی رابطہ کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments