قومی سطح پر عدالتی ای فائلنگ نظام کیلئے مشاورتی عمل شروع
فریم ورک تیاری میں بار سے مشاورت اہم ہو گی:چیف جسٹس یحییٰ آفریدی
اسلام آباد (اے پی پی)قومی سطح پر عدالتی ای فائلنگ نظام کیلئے مشاورتی عمل شروع کر دیا، چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی نے کہا کہ عدالتی فائلنگ نظام کے اہم فریق اور بنیادی صارف کی حیثیت سے بار کو قومی سطح کے یکساں ای فائلنگ نظام کی تیاری کے ابتدائی مرحلے میں شامل کیا گیا تاکہ وکلا کے عملی تجربات اور ضروریات کو مدنظر رکھا جاسکے ۔ چیف جسٹس پاکستان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر محمد مسعود چشتی، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی منیر احمد ملک، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ہارون رشید، ایڈووکیٹس آن ریکارڈ سید رفاقت حسین شاہ اور آفتاب عالم یاسر، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل چودھری ارشد علی ہنجرا، سندھ بار کونسل کے چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ایاز حسین تونیو، خیبر پختونخوا بار کونسل کے رکن بابر خان یوسفزئی اور بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین جدین دشتی سمیت سپریم کورٹ اور قانون و انصاف کمیشن پاکستان کے سینئر افسر شریک ہوئے ۔ اجلاس میں مجوزہ سٹینڈرڈائزڈ نیشنل ای فائلنگ سسٹم کے خدوخال پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ سپریم کورٹ کے ای فائلنگ نظام کے تجربے کی بنیاد پر اسے عدالتی نظام کے تمام درجات تک توسیع دی جائے گی۔ بار کے نمائندگان نے کہا کہ اس سے وکلا اور سائلین کو مقدمات دائر کرنے ، کیسز کی نگرانی اور متحدہ الیکٹرانک کیس ریکارڈ تک رسائی میں سہولت ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments