یوم آزادی :مظفر آباد ہائی کورٹ گراؤنڈ میں پرچم کشائی تقریب

 یوم آزادی :مظفر آباد ہائی کورٹ گراؤنڈ میں پرچم کشائی تقریب

قائم مقام صدر لطیف اکبر نے وزیراعظم فیصل راٹھور کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا پولیس دستے نے سلامی پیش کی ،کیک کاٹا گیا ،شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت

 مظفرآباد (محمد اسلم میر) آزاد جموں و کشمیر میں بھی یومِ آزادی پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا ، بڑے شہروں میں تقریبات، ریلیاں اور پرچم کشائی کی پروقار تقاریب منعقد ہوئیں ،مرکزی تقریب ہائی کورٹ گراؤنڈ مظفرآباد میں ہوئی جہاں قائم مقام صدر چودھری لطیف اکبر نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا، جبکہ اعلیٰ فوجی و سول حکام نے شرکت کی، قائم مقام صدر نے کہا کہ 14 اگست عظیم دن ہے ، اس موقع پر مقبوضہ کشمیر اور پاک فوج کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔سپریم کورٹ کے سبزہ زار میں چیف جسٹس راجہ سعید اکرم نے قومی پرچم کشائی کی، پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی اور جشنِ آزادی کا کیک کاٹا گیا ، تقریب میں ملی نغمے پیش کیے گئے جبکہ چیف جسٹس نے کہا کہ آزاد کشمیر میں عوام کو جمہوری ادارے اور آئینی حقوق پاکستان کی بدولت حاصل ہیں، جبکہ پاک فوج نے ملک کو مضبوط دفاعی قوت بنایا ہے ۔ادھر الیکشن کمیشن آزاد کشمیر میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقریب کی قیادت کی ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے پیغام میں کہا کہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت اور مسلمانوں کی قربانیوں کا ثمر ہے ، جبکہ وطن کے دفاع کے لیے پاک فوج کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...