پنجاب کے کالجز میں داخلوں کا نظام مکمل آن لائن کرنے کا فیصلہ
حکومت کی پیپر لیس مہم کے تحت 2027 سے کالجز میں مینوئل داخلے نہیں ہونگے طلبہ ،والدین کو لائنوں میں لگنے کی بجائے ای سسٹم سہولت ملے گی:ڈی پی آئی کالجز
لاہور(خبر نگار)پنجاب حکومت نے پیپر لیس مہم کے تحت کالجز میں داخلوں کا نظام مکمل آن لائن کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ 2027 سے کالجز میں مینوئل داخلے نہیں ہونگے ، پراسپیکٹس اور فارم بھی کاغذ پر جاری نہیں کیے جائینگے ۔ داخلے سے فیسوں کی ادائیگی تک تمام عمل آن لائن ہوگا ۔داخلوں کیلئے پیپر لیس نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ محکمہ تعلیم کے مطابق نئے نظام کے تحت طلبہ کو پراسپیکٹس اور داخلہ فارم کاغذ پر نہیں دئیے جائینگے۔ آن لائن پراسپیکٹس، فارم اور فیسوں کی وصولی کا نظام رائج کیا جائے گا۔
ڈی پی آئی کالجز ڈاکٹر انصر اظہر کا کہنا ہے کہ طلبہ اور والدین کو لائنوں میں لگنے کی بجائے ای سسٹم کے ذریعے داخلہ یقینی بنانے کی سہولت دی جائیگی۔ اگلے سال داخلوں کا تمام پراسیس آن لائن ہوگا۔ رواں سال صرف فیسوں کی ادائیگی کو آن لائن موڈ پر منتقل کیا گیا ہے ۔یہ فیصلہ حکومت کی ماحول دوست پالیسی کے مدنظر کیا جا رہا ہے ، تاکہ کاغذ کے استعمال میں کمی لائی جا سکے اور طلبہ اور والدین کو جدید ، آسان طریقے سے داخلوں کی سہولت فراہم کی جاسکے ۔پیپر لیس نظام سے داخلوں کے عمل کو مزید شفاف، تیز اور مؤثر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments