ایل اے 15میں پی پی ، ایل اے 16میں ن لیگ کامیاب

ایل اے 15میں پی پی ، ایل اے 16میں ن لیگ کامیاب

مشتاق منہاس کو 1891 ووٹوں سے شکست ،ایل اے 16میں میر اکبر خان جیتے ن لیگ 25 نشستوں کیساتھ بڑی پارٹی ،پی پی 12 نشستیں لیکردوسرے نمبر پر رہی

 مظفرآباد (محمد اسلم میر،دنیانیوز)آزاد کشمیر کے باغ ڈویژن کے دو حلقوں میں دوبارہ پولنگ کے غیر حتمی نتائج سامنے آگئے ، حلقہ ایل اے 15 باغ 2 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار ضیا القمر جبکہ ایل اے 16 باغ 3 میں مسلم لیگ (ن)کے امیدوار سردار میر اکبر خان کامیاب ہوگئے ۔اسطرح تین مرحلوں میں مکمل ہونے والے آزاد کشمیر کے عام انتخابات کا انتخابی عمل مکمل ہوگیا۔ نتائج کے بعد مسلم لیگ ن 25 نشستوں کے ساتھ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں سب سے بڑی پارلیمانی قوت بن کر ابھری ہے ، پیپلز پارٹی 12 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت اور متوقع طور پر مضبوط اپوزیشن بن گئی جبکہ عوامی دستِ بازو کوایک نشست ملی۔ آخری مرحلے میں حلقہ ایل اے 15 باغ وسطی اور ایل اے 16 باغ شرقی کے 23 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرائی گئی۔

حلقہ ایل اے 15 وسطی باغ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار ضیا القمر نے مسلم لیگ ن کے امیدوار مشتاق منہاس کو شکست دی۔ 9 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے بعد ضیا القمر نے مجموعی طور پر 17,118 ووٹ حاصل کیے جبکہ مشتاق منہاس 15,227 ووٹ لے سکے ۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار نے 1891 ووٹوں کی برتری سے کامیابی حاصل کی۔ حلقہ ایل اے 16 باغ شرقی میں مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار میر اکبر خان نے پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار قمر الزمان کو شکست دی۔ میر اکبر خان نے 20796 ووٹ لئے قمر الزمان کو 16963 ووٹ ملے ۔ادھر الیکشن کمیشن نے مزید 2 کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کردئیے ،ایل اے 14باغ سے عوامی دست و بازو پارٹی کے ساجد اقبال اور ایل اے 17 حویلی کہوٹہ سے وزیراعظم آزاد کشمیر و پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور کامیاب ہوگئے ۔ راولاکوٹ اور سدھنوتی کی7سیٹوں پر انتخابات حالات ساز گار ہونے کے بعد کرائے جائینگے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...